ایران پر عالمی پابندیوں کے مکمل خاتمے تک گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد ممکن نہیں ہے،شاہد خاقان عباسی

جمعہ 13 جنوری 2017 13:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2017ء) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ ایران پر عالمی پابندیوں کے مکمل خاتمے تک پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد ممکن نہیں ہے حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں ایرانی حکومت کو اعتماد میں لیا ہے جمعرات کے روز ایوان بالا میں سینیٹر جہانذیب جمالدینی کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر اس وقت تک عملدرآمد نہیں کیا جا سکتا ہے جب تک ایران پر سے مکمل طور پر پابندیاں ختم نہیں ہوجاتی ہیں انہوں نے کہاکہ اس وقت ایران پر ڈالرز میں کاروبار کرنے پر پابندی ہے اور اس منصوبے کی تمام تر ٹرانزیکشن ڈالر ز میں ہونی ہے انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اس وجہ سے بھی محتاط ہے کہ اگر ایران کے ساتھ منصوبہ شروع کیا اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد ہوگئیں تو منصوبے پر خرچ ہونے والی تمام رقومات ضائع ہوجائیں گی انہوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں حکومتی سطح پر ایران کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے اور دونوں ممالک عالمی پابندیوں کے مکمل خاتمے کے بعد گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمدکرنے پر متفق ہیں ۔