ملکی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو جواب دینا پڑے گا، وزیراعظم نوازشریف

نیا پاکستان بنانے کے دعویدار کچھ نہیں کررہے ہیں، سارے تعمیراتی کام تو ہم کررہے ہیں اگر تبدیلی کے دعویدار چاہتے ہیں تو ہم ترقیاتی کاموں کی تختیوں پران کے نام لکھ دینگے سابقہ ادوار میں سولہ سولہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی ، آج یہ ناسور نہ ہونے کے برابر ہے پاکستان میں تمام لوگ بلا تفریق و رنگ و نسل برابر کے شہری ہیں ، ہمارے اور اقلیتوں کے دکھ سانجھے ہیں ، مذہب سب کا اپنا اپنا لیکن انسانیت سب کی مشترکہ میراث ہے کراچی میں پہلے قتل عام ہوتا تھا اورتباہی مچی ہوئی تھی،ہماری کوششوں کے باعث آج دوبارہ روشنیوں کا شہر بن رہا ہے ،کٹاس راج میں تقریب سے خطاب وزیراعظم نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے مذہبی مقام پر پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا

جمعرات 12 جنوری 2017 13:27

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جنوری۔2017ء)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو جواب دینا پڑے گا، وہ جتنا روکتے رہیں ہم اتنا ملک کی خوشحالی کے لیے کام کرتے جائیں گے، نیا پاکستان بنانے کے دعویدار کچھ نہیں کررہے ہیں، سارے تعمیراتی کام تو ہم کررہے ہیں، اگر تبدیلی کے دعویدار چاہتے ہیں تو ہم ترقیاتی کاموں کی تختیوں پران کے نام لکھ دینگے ، سابقہ ادوار میں سولہ سولہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی ، آج یہ ناسور نہ ہونے کے برابر ہے ،پاکستان میں تمام لوگ بلا تفریق و رنگ و نسل برابر کے شہری ہیں ، ہمارے اور اقلیتوں کے دکھ سانجھے ہیں ، مذہب سب کا اپنا اپنا لیکن انسانیت سب کی مشترکہ میراث ہے،کراچی میں پہلے قتل عام ہوتا تھا اورتباہی مچی ہوئی تھی،ہماری کوششوں کے باعث آج دوبارہ روشنیوں کا شہر بن رہا ہے ۔

(جاری ہے)

کٹاس راج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے کہ کٹاس راج کے باسیوں کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں ، اس پر صدیق الفاروق کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے دعوت دے کر یہاں آنے کی میری دیرینہ خواہش پوری کردی۔ انہوں نے کہاکہ کٹاس راس کی تاریخ درخشاں ہے اور تقریباً چار ہزار سال پرانی تاریخ کا حامل علاقہ ہے ، یہ چار تہذیبوں کا سنگھم ہے اور یہی مقام ہے جہاں البیرونی نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ،میرے لئے خوشی کا موقع ہے کہ پانچ مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے مجمعہ سے خطاب کررہا ہوں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں تمام لوگ بلا تفریق و رنگ و نسل برابر کے شہری ہیں ، ہمارے اور اقلیتوں کے دکھ سانجھے ہیں ، مذہب سب کا اپنا اپنا لیکن انسانیت سب کی مشترکہ میراث ہے ۔

انہوں نے کہاکہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے ملکی ترقی اور اس کے دفاع کیلئے اپنے ہاتھوں میں ہاتھوں میں ڈال کر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں ، اقلیتیوں کی خدمت کے لئے صدیق الفاروق کی خدمات قابل تحسین ہیں اور آثار قدیمہ کے لئے جو تاریخی کام ہورہا ہے اس کے تحت گندھارا اور بابا گرونانک یونیورسٹیاں بنانے میں صدیق الفاروق کے ساتھ بھرپور تعاون کروں گا ۔

انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں کہ ان اقدامات کے باعث پاکستان اقوام عالم میں اقلیت دوست ملک کے نام سے جانا جائے گا کیونکہ تمام مذہب کے تاریخی ورثہ کو محفوظ بنانے اور ان کو تحفظ دینے کے لئے ہمارے اقدامات سب کے سامنے ہیں ، مسلمانوں کو مکہ میں اقلیت ہونے کے باعث جبر کا سامنا کرنا پڑا لیکن مدینہ میں اکثریت بنے اور اقتدار ہاتھ آیا تو اقلیتوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا۔

انہوں نے کہاکہ حضرت محمد نے یثرب کے قبائل اور یہودیوں کیساتھ معاہدے کئے اور ان کی بنیادی ضروریات کو تحفظ دیا ، مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا ایمان ہے کہ اکثریت ہو یا اقلیت سب کے ساتھ برابر کا سلوک روا رکھنا ہے کیونکہ قرآن پاک ہمیں اسی کا درس دیتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں ذاتی طورپر اقلیتوں کی خوشیوں میں شریک ہوتا ہوں اور ان کے ساتھ کسی قسم کے ناجائز یا امتیازی سلوک روا رکھنے کو مناسب نہیں سمجھتا ، میں سمجھتا ہوں کہ اقلیتوں کے ساتھ کسی کو بھی امتیاز سلوک کا درس نہیں دینا چاہیے کیو نکہ انسان کا دل توڑنے سے انسان واپس نہیں آتا ، آسمانی کتابوں سے رہنمائی حاصل کرکے ہی ہم سیدھی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں اور یہ ساری اچھی باتیں آسمانی کتابوں میں لکھی گئی ہیں ، ہمیں اسی کے مطابق عمل کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ ملکی حالات کا مشاہدہ کریں تو پہلے بارہ بارہ اور سولہ سولہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی اور آج یہ ناسور نہ ہونے کے برابر ہے وہ الگ بات ہے کہ میڈیا والے رات کو پندرہ منٹ کی لوڈ شیڈنگ بھی کہیں سے نکال کر پگڑیاں اچھالنا شروع کردینگے لیکن ان رپورٹوں پر توجہ نہیں دینی چاہیے بلکہ حقیقت کو قبول کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں اور ہمیں ترقی کے سفر سے روکنا چاہتے ہیں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم لوگوں کی خدمت کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور عوامی خدمت سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ یہاں کیڈٹ کالج میں بلوچستان اور فاٹا سمیت ملک بھر کے علاقوں سے طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں ، ہم اس طرح کے ادارے بنانا چاہتے ہیں جہاں سب کو انصاف کے مطابق کام کرنے کا موقع ملے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سڑکوں کے جال بچھ رہے ہیں ، چند مہینوں میں کراچی حیدر آباد کی چھ رویہ موٹروے تعمیر ہورہی ہے ، کے پی کے کا موٹروے بھی ہم بنا رہے ہیں جوحسن ابدال سے حویلیاں تک چھ رویہ ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ جو لوگ نئے پاکستان بنانے کے دعوے کرتے ہیں وہ لوگ کچھ نہیں بنا رہے بلکہ یہ ہم ہی ہیں جو تعمیری کام کررہے ہیں البتہ اگر وہ چاہتے ہیں تو ان ترقیاتی کاموں کی تختیوں پران کے نام لکھ دینگے ، ہم ان کے ساتھ اتنی مہربانی کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آپ دیکھیں کراچی سے لاہور تک چھ رویہ موٹروے بن رہی ہے جبکہ گوادر اور کوئٹہ کے درمیان سڑک تعمیر ہو چکی ہے جس سے فاصلے کم ہو گئے ہیں ، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ادارے بنا رہے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ آپ مسائل کو سامنے رکھیں ، پہلے کتنے مسائل تھے ، دہشت گردی کا مسئلہ سب سے بڑا تھا اور آج حالات آپ کے سامنے ہیں ، ہمارے اقدامات کے باعث اس میں خاطر خواہ کمی آئی ہے جس پر ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے ۔وزیراعظم نے کہاکہ معیشت کی حالت بھی بہتر ہورہی ہے ، معاشی ترقی کے اشارے مل رہے ہیں ، اخبارات میں آرٹیکل چھپ رہے ہیں سب کو پتہ ہے کہ گزشتہ سال شرح نمو 4.7فیصد تھی اور امید ہے کہ یہ 5.5فیصد تک پہنچ جائے گی اور آئندہ چند برسوں میں سات فیصد تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ آپ کراچی کے حالات دیکھیں پہلے قتل عام ہوتا تھا ، بھتہ خوری تھی ، لوگ لٹ جاتے تھے ، تباہی مچی ہوئی تھی ، لوگ گھروں سے نہیں نکل سکتے تھے لیکن ہماری کوششوں کے باعث آج کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بن رہا ہے ، شہر کی روشنیاں بحال ہورہی ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ ہم پاکستان میں صحت کے شعبے میں بھی کافی اقدامات اٹھا رہے ہیں جس کے تحت ملک بھر میں پچاس جدید ہسپتال بنائے جارہے ہیں ، صحت کے شعبے کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارے بھی بن رہے ہیں ، تعلیمی ادارے بنا کر سفری سہولیات اور تعلیمی نظام کی بہتری اور موثرسسٹم کو فروغ دینے کے لئے ہمارا کردار ہمارے اقدامات سے واضح ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ آج صبح ہی اسلام آباد میں بچوں کو سکول بسوں کی چابی دے کر ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے،مجھے خوشی ہوئی کہ ان پھول جیسے بچوں اور قوم کے معماروں کی خدمت کرنے کا موقع ملا اور ہم اس کو پورا کر نے کی کوشش کررہے ہیں۔نوازشریف نے صدیق الفاروق کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ آثار قدیمہ کی بہتری کیلئے جو کام کررہے ہیں اس پر توجہ دس گنا اور بڑھا دیں اور مذہبی عبادت گاہوں کی تعمیر جلد سے جلد مکمل کریں۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں اپنے اخلاق بہتر بنانے چاہیں ، دنیا فانی ہے اور ہم سب کو آخرت کی فکر کرنی چاہیے ، ایک دوسرے کے عیب تلاش نہ کریں بلکہ بردباری اور برداشت سے کام لے کر جھوٹ بولنے کی بجائے اللہ تعالیٰ سے رجوع کریں تاکہ ہمارے مسائل حل ہوں اور زندگی میں برکت آئے ، دوسروں پرالزام لگانے اور نصحیتیں کرنے سے بہتر ہے کہ پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور خود سے رجوع کریں کیونکہ اس طرح ہی ہماری اصلاح ہوسکتی ہے ، آخر میں انہوں نے پاکستان زندہ باد اور تمام برادری پائندہ باد کے نعرے لگائے جس کے بعد فوٹو سیشن ہوا ۔قبل ازیں وزیراعظم کٹاس راج میں ہندوؤں کے مذہبی مقام پر پاور پلانٹ کا افتتاح کیا جس سے وہاں کے مکین مستفید ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :