رواں سال حج کوٹہ 2 لاکھ تک کیا جائے گا،سردار محمد یوسف

جن اداروں کے کوٹے ختم کئے گئے فوری بحال کئے جائیں گے پریس کلب کے ذریعے 10 صحافیوں کو ہر سال حج پر بھجوانے کا سلسلہ اس سال سے شروع کر دیا جائے گا،نیشنل پریس کلب میں گفتگو

بدھ 11 جنوری 2017 14:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جنوری۔2017ء)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ رواں سال حج کا کوٹہ 2 لاکھ تک کیا جائے گا۔ جن اداروں کے کوٹے ختم کئے گئے فوری بحال کئے جائیں گے، پریس کلب کے ذریعے 10 صحافیوں کو ہر سال حج پر بھجوانے کا سلسلہ اس سال شروع کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار منگل کو نیشنل پریس کلب میں نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔

نیشنل پریس کلب پہنچنے پر صدر شکیل انجم، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں، سینئر جوائنٹ سیکرٹری عابد عباسی، سیکرٹری فنانس اسحاق چوہدری، ممبر گورننگ باڈی رشید ملک، اظہار الحق نیازی، ندیم چوہدری سمیت دیگر عہدیداران اور سینئر صحافیوں نے استقبال کیا اور انہیں گلدستے بھی پیش کئے۔ وفاقی وزیر نے نومنتخب عہدیداران اور گورننگ باڈی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافی جمہوریت کے داعی ہیں۔

(جاری ہے)

صحافت اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ جب بھی جمہوریت پر کڑا وقت آیا صحافی سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔ صحافیوں کو ہر سال پریس کلب کے ذریعے حج پر بھجوایا جائے گا۔ اس ضمن میں 10 صحافیوں کو حج پر بھجوانے کا جو کوٹہ ختم کیا گیا تھا اسے فوری طور پر رواں سال بحال کیا جائے گا۔

سردار یوسف نے کہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ پاکستان کا کوٹہ دو لاکھ عازمین کرنے کی بات چیت ہوئی ہے جس پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ گزشتہ سال سعودی حکومت نے پاکستان کے حج کوٹہ میں کمی کر کے 71 ہزار کر دیا تھا۔ گزشتہ کئی سال سے پاکستان کے کوٹہ میں اضافہ نہیں کیا گیا جس پر سعودی حکومت کے ساتھ بات چیت شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے پاکستان کا نہ صرف مکمل کوٹہ بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے بلکہ پاکستان کی مردم شماری کے مطابق ایک فیصد کوٹہ بڑھانے کی بھی بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوٹہ میں اضافہ سے پاکستان کے 2 لاکھ عازمین کو حج کے لئے بھجوایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس تجویز پر غور کر رہی ہے کہ جو لوگ حج کی درخواست دیتے ہیں لیکن وہ کسی وجہ سے حج پر نہیں جا سکتے اگلے سال ان کو بغیر قرعہ اندازی کے حج لسٹ میں شامل کیا جائے گا بلکہ انہیں رعایتی نرخوں پر حج کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ عازمین کے لئے بہتر سے بہتر رہائشی اور سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات وزارت اور میری اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :