آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی انسداد دہشتگردی کے آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت

دہشتگردوں سے کلیئر کئے گئے علاقوں میں کنٹرول مستحکم کیا جائے ،عارضی بے گھر افراد کی واپسی کی کوششوں میں تیزی لائی جائے ،فوج قومی سلامتی کیلئے کام کرنیوالے تمام ریاستی اداروں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی ، جنرل قمر جاوید باجوہ کور کمانڈرز کا آپریشن ضرب عضب پر پیشرفت اور اندرونی سیکیورٹی پر اسکے مثبت اثرات پر اطمینان کا اظہار فوجی عدالتوں کی کارکردگی اپنی مدت کے دوران قابل تحسین رہی جس کی وجہ سے دہشتگردی میں کمی آئی ، پاک فوج ہر طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ،کورکمانڈرزکانفرنس،سیکیورٹی صورتحال آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا گیا

بدھ 11 جنوری 2017 14:19

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جنوری۔2017ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسداد دہشتگردی کے آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں سے کلیئر کئے گئے علاقوں میں کنٹرول مستحکم کیا جائے اورعارضی بے گھر افراد کی واپسی کی کوششوں میں تیزی لائی جائے ،فوج قومی سلامتی کیلئے کام کرنیوالے تمام ریاستی اداروں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی جبکہ کور کمانڈرز نے آپریشن ضرب عضب پر پیشرفت اور اندرونی سیکیورٹی پر اسکے مثبت اثرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کی کارکردگی اپنی مدت کے دوران قابل تحسین رہی جس کی وجہ سے دہشتگردی میں کمی آئی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 198 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منگل کو جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے دوران سیکیورٹی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز نے آپریشن ضرب عضب پر پیشرفت اور اندرونی سیکیورٹی پر اس کے مثبت اثرات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسداد دہشتگردی کے آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں سے کلیئر کئے گئے علاقوں میں کنٹرول مستحکم کیا جائے ۔ انہوں نے عارضی بے گھر افراد کی واپسی کی کوششوں میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ہر طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔

چیف آف آرمی سٹاف نے بابر تھری میزائل کے کامیاب تجربے پر سٹریٹجک اداروں کی کوششوں پر مبارکباد دی۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے اپنی مدت کے دوران فوجی عدالتوں کی کارکردگی کو سراہا جس کے نتیجہ میں دہشتگردی میں کمی ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج قومی سلامتی کیلئے کام کرنیوالے تمام ریاستی اداروں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔