پاکستان کا آبدوز کے ذریعے کروز میزائل بابر 3کا کامیاب تجربہ ،میزائل 450کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے

صدر، وزیراعظم، جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور آرمی چیف کی قوم اور تجربہ کرنیوالی ٹیم کو مبارکباد

منگل 10 جنوری 2017 11:23

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جنوری۔2017ء) پاکستان نے آبدوز کے ذریعے کروز میزائل بابر 3کا کامیاب تجربہ کر لیا، کروز میزائل بابر تھری 450کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،صدر، وزیراعظم، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی قوم اور تجربہ کرنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کی، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کے روز پاکستان نے آبدوز کے ذریعے کروز میزائل بابر3کا کامیاب تجربہ کیا ہے، کروز میزائل بابر تھری کا تجربہ بحر ہند میں نامعلوم مقام پر کیا گیا، میزائل کو زیر آب پلیٹ فارم سے لانچ کیا گیا ور میزائل نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

بابر تھری کے تجربے سے پاکستان سیکنڈ اسٹریٹک صلاحیت کاحامل ہو گیا ہے، کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے پر صدر مملکت ممنون حسین،وزیراعظم نواز شریف، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قوم اور تجربہ کرنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔