مقدس اوراق کو بے حرمتی سے بچانے کیلئے کراچی اور اسلام آباد/راولپنڈی میں ایک ایک ری سائیکلنگ پلانٹ لگایا جارہا ہے ،سردا ر یوسف

اخبارات کو ردی میں استعمال کرنے سے بچانے کیلئے ری سائیکلنگ کی جائے گی، باقاعدہ قانون سازی کی جارہی ہے جامعہ الاظہر اور دیگر مفتیان کرام سے فتویٰ لیا گیا ہے، سال2017کیلئے حج پالیسی مسودہ کی کابینہ سے منظوری حاصل کرلی گئی ،جلد ہی اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا، میڈیا سے بات چیت

پیر 9 جنوری 2017 11:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جنوری۔2017ء)وفاقی وزیروزیر برائے مذہبی امور بین المذاہب وہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ مقدس اوراق کو بے حرمتی سے بچانے کیلئے کراچی اور اسلام آباد/راولپنڈی میں ایک ایک ری سائیکلنگ پلانٹ لگایا جارہا ہے ،اخبارات کو ردی میں استعمال کرنے سے بچانے کیلئے ری سائیکلنگ کی جائے گی اور اس سلسلے میں باقاعدہ قانون سازی کی جارہی ہے،ہم نے جامعہ الاظہر اور دیگر مفتیان کرام سے فتویٰ لیا گیا ہے، سال2017کیلئے حج پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جس کی کابینہ سے منظوری حاصل کرلی گئی ہے اور جلد ہی اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو کراچی پریس کلب کے دو رے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

کراچی پریس کلب کے سیکریٹری مقصود احمدیوسفی اور دیگر عہدیداران وممبران گورننگ باڈی نے وفاقی وزیر مذہبی امور بین المذاہب وہم آہنگی کا ستقبال کیا۔اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی پنجاب میاں ضیا الرحمان اورسردار ظہوراحمد،مسٹر منیراحمداور ندیم وارثی بھی موجود تھے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ 2016میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے اچھا حج پیکج دیا گیا،ابتداء میں یہ پیکج3لاکھ25ہزار روپے مقرر کیا گیا تھا مگر بعد میں حکومت نے اسے 2لاکھ75ہزار روپے کیا اور اس کے بعد مزید 15ہزار کم کئے گئے،پہلے اس پیکج میں کھانا نہیں تھا مگر حجاج کرام کو منیٰ،عرفات اور مزدلفہ میں کھانا بھی دیا گیا،،تمام حاجیوں کو مرکزیہ مدینہ میں ٹھرایا گیا، بہترین انتظامات پر پاکستان کی عالمی سطح پر تعریف ہوئی، ماضی میں حج کرانے والوں کے اسکینڈل سامنے آئے لیکن اس سال ایسا کوئی اسکینڈل نہیں ہوا،اس سال ہم سعودی معلموں سے معاہدہ کرینگے کہ پاکستان سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والوں کو منیٰ،عرفات اور مزدلفہ میں کھانا بھی دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بارقومی علماء مشائخ کونسل پہلی مرتبہ تشکیل دے دی گئی ہے جس میں تمام مکاتب فکر کو نمائندگی دی گئی ہے،اذان اور نماز کی ٹائمنگ بیک وقت ملک بھر میں نفاذ کے حوالے کام کررہے ہیں ،اسلام آباد میں اس سلے میں ایک ہی وقت میں نظام صلواة پر80فیصد عملدرآمد شروع ہوچکا ہے ،سندھ میں بھی وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے ہمیں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اورملک بھر میں جلد ہی اس پر عمل درآمدکیا جائے گا،تمام صوبے بھی اس پر متفق ہیں ہمیں اسلام کا اصل چہرہ سامنے لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دین انسانیت کا احترام سکھاتا ہے ،ہم ایسی فضاء بنائیں گے جہاں سب ایک دوسرے کو برداشت کرسکیں، بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کانفرنس کا انعقاد کیاجارہا ہے،مسلم ہو یا غیرمسلم سب کو انکا حق ملنا چاہیئے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے خواشمند کراچی پریس کلب کے اراکین کو فیملی سمیت بغیرقرعہ انداز ی شامل کرنے پر غور کیا جائے گا جبکہ مدینہ منورہ میں پاکستان ہاؤس میں جو بھی کراچی پریس کلب کا ممبر عمرہ کی ادائیگی کے دوران رہائش اختیار کرنا چاہے تو اسے ہم اجازت دینگے تاہم مکہ مکرمہ میں پاکستان ہاؤس ختم ہوچکا ہے اور نئے ہاؤس کے قیام کیلئے ہم جگہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مجھے دی گئی ذمہ داری ایک چیلنج تھی لیکن مجھ پر وزیراعظم میاں نوازشریف کا اعتماد تھا اورحج کے حوالے سے جو کچھ کیا وہ قوم کے سامنے ہے، اللہ کی طرف سے صلہ ملتا ہے، بہتر انتظامات کو دیکھ کر عوام نے سرکاری اسکیم کے تحت حج پر جانے کو ترجیح دی جبکہ گزشتہ ادوارمیں جو کچھ حج کے نام پر ہوتا رہا وہ قوم کے سامنے ہے،حج کے بہترین انتظامات کے باعث حاجیوں کی دعائیں بھی حکومت کے ساتھ ہیں، نیکی کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے، ہم وہ کام کرنا چاہتے ہیں جس سے ہر فردمستفید ہو۔

وفاقی وزیر نے کراچی کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بقاء ،مسائل کی نشاندہی اور انہیں حکومت تک پہنچانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے اور میڈیا ہی ملک کی ترقی اور سسٹم کی مضبوطی کیلئے اپنا مفید رول ادا کررہا ہے۔کراچی پریس کلب کے سیکریٹری مقصود احمد یوسفی نے وفاقی وزیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے نشاندہی کی کہ جس طرح مختلف شعبوں کے افراد کو حکومت کی جانب سے سہولت دی جاتی ہے اسی طرح کراچی پریس کلب کے ممبران کو بھی ترجیح دی جائے اور پریس کلب کی منتخب باڈی کی اجازت سے کلب کے اراکین کیلئے بغیرقرعہ اندازی حج کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آمریت رہی ہو یا جمہوریت کا دور دورہ ہو کراچی پریس کلب اور کراچی کی صحافیوں نے آزادی صحافت کا علم بلند رکھا ہے۔آخر میں گورننگ باڈی کے رکن سعید سربازی نے کراچی پریس کلب آمد پروفاقی وزیر سردار محمد یوسف کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :