کراچی، پولیس نے نجی ہوٹل میں لگنے والی آگ اور کئی افراد کی ہلاکت سے متعلق مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کردیا

واقعے کی ذمہ داری ہوٹل انتظامیہ پرعائد

اتوار 8 جنوری 2017 13:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8جنوری۔2017ء)پولیس نے گزشتہ ماہ نجی ہوٹل میں لگنے والی آگ اور اس کے نتیجے میں کئی افراد کی ہلاکت سے متعلق مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کردیا ہے جس میں واقعے کی ذمہ داری ہوٹل انتظامیہ پرعائد کی گئی ہے۔ ہفتہ کوجوڈیشل مجسٹریٹ کراچی جنوبی کی عدالت میں نجی ہوٹل میں آتشزدگی سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان پیش کردیا، جس میں حادثے کا ذمے دارہوٹل انتظامیہ کو قراردیتے ہوئے ہوٹل مالکان سمیت 5افراد کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

چالان میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل میں حفاظتی انتظامات انتہائی ناقص اورہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ناکافی تھے، ہوٹل کے لیے منظورشدہ حفاظتی اورایمرجنسی پلان پرعمل نہیں کیا گیا، کچن کے اندرہیٹ سینسر موجود نہیں تھے، ہوٹل میں گیس سپلائی اور اے سی سسٹم کی سپلائی بند کرنے کا انتظام نہیں تھا، ہوٹل کا فائرالارم سسٹم بھی مکمل کام نہیں کررہا تھا، فائراسکواڈ اور سیکیورٹی ٹیم بھی موقع پر موجودنہیں تھی، اس کے علاوہ ہوٹل انتظامیہ نے حادثے کی بروقت اطلاع نہیں دی۔

(جاری ہے)

سماعت میں5ملزمان کی ضمانت میں 21جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔جاں بحق افراد کے اہلخانہ کی جانب سے فریق بننے کی درخواست دائر کر دی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے ایک نامورنجی ہوٹل میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 12افراد جاں بحق جب کہ بین الاقوامی کرکٹرزاورکئی غیر ملکیوں سمیت 70سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :