ڈگری لینی ہے تو وزیر اعظم سکیم کے تحت لیا جانے والا لیپ ٹاپ دکھانا ہو گا

ایچ ای سی کا وزیر اعظم سکیم کے تحت طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ بازاروں میں فروخت کرنے کا نوٹس

اتوار 8 جنوری 2017 13:32

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8جنوری۔2017ء) ڈگری لینی ہے تو وزیر اعظم سکیم کے تحت لیا جانے والا لیپ ٹاپ دکھانا ہو گا، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے وزیر اعظم سکیم کے تحت دیئے جانے والے طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ بازاروں میں فروخت کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے یہ اقدام اٹھایا ہے، یونیورسٹی آف سرگودھا کے ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن نے طلباء کے لئے ڈگری لینے سے پہلے وزیر اعظم اسکیم کے تحت لیا گیا لیپ ٹاپ لازمی دکھانا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیپ ٹاپ نہ دکھانے والے طلباء و طالبات کو یونیورسٹیاں ڈگریاں نہیں دیں گی، ذرائع کے مطابق اگر کوئی طلباء و طالبات لیپ ٹاپ چوری یا چھین کر لے جائے تو اس کی ایف آئی آر تھانہ میں کروائی جائے اور بعد ازاں اسے ڈگری دی جائے گی، ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ایسے طلباء و طالبات کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جنہوں نے اپنے لیپ ٹاپ فروخت کر دیئے ہیں کیونکہ وزیر اعظم پاکستان نے میرٹ کی بنیاد پر سرگودھا سمیت ملک بھر میں لیپ ٹاپ ذہین طلباء و طالبات کو دیئے تھے جس میں انٹر نیٹ اور دیگر سہولیات بھی مفت فراہم کی گئی تھی، اس کا مقصد طلباء و طالبات کو تعلیم کے حصول میں مدد دینا تھا لیکن طلباء و طالبات نے لیپ ٹاپ بازاروں میں فروخت کیے ہیں جس پر حکومت نے یہ موقف اختیار کیا ہے۔