وزیراعظم کی ہدایت پر اسپیکر ایاز صادق نے 10جنوری کو پارلیمانی پارٹیز سربراہا ن کا ہنگامہ خیز اجلاس طلب کرلیا

عمران خان کا اجلاس میں شرکت سے دو ٹوک انکار،خورشید شاہ اور مولا فصل الرحمان کی شرکت بھی مشکوک ایم کیو ایم نے اجلاس میں شرکت کی مشروط یقین دہانی کروا دی

اتوار 8 جنوری 2017 13:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8جنوری۔2017ء) وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 10جنوری کو پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہا ن کا ہنگامہ خیز اجلاس طلب کر لیا تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کی اجلاس میں شرکت سے دو ٹوک انکارکر دیا،اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور سربراہ جے یو آئی ف مولا فصل الرحمان کی شرکت بھی مشکوک ہے ، ایم کیو ایم نے اجلاس میں شرکت کی مشروط یقین دہانی کروا دی ہے، پارلیمنٹ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے ہدایت پر ملک کی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اجلاس 10 جنوری کو صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے ، جس کا مقصد ملک میں جاری سیاسی صورتحال کراچی آپریشن، سی پیک منصوبہ اور پارلیمنٹ میں ہونیوالی قانون سازی کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ہے، اس سلسلے میں اسپیکر چیمبرز کے ذمہ داراں نے سیاسی جماعتوں کے لیڈر ان سے ابتدائی رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اسپیکر سردار ایاز صادق کے سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں شرکت سے دو ٹوک انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اگر اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرنا ہے مقصود تھا تو اسکی صدارت وزیراعظم کو کرنا چاہئے تھی ۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی نے فی الوقت اجلاس میں شرکت سے معذرت کی ہے۔جب کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور حکومت کے حلیف جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فصل الرحمان کی شرکت بھی حتمی نہیں ہو سکی ہے ، ایم کیو ایم نے کراچی کے صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم کے جانب سے بعض یقین دہانییوں کے بعد اجلاس میں شرکت کی مشروط حمایت کی یقین دہانی کروادی ہے ، اس سلسلے میں دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی ابتدائی رابطے کئے جا رہے ہیں۔

اجلاس کو کامیاب کروانے کے لیے اسپیکر چیمبر کی بیورو کریسی اورسپیکر کے قریبی رفقاء مسلسل سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہیں ہے۔