لاہور،نواب ٹاؤن سے اغواء کمسن بہن بھائی کے کیس کا ڈراپ سین

بچوں کے حقیقی باپ نے پچاس ہزار میں فروخت کر کے اغواء کا ڈرامہ رچایا

ہفتہ 7 جنوری 2017 12:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7جنوری۔2017ء ) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ نواب ٹاؤن سے اغوا ہونے والے کمسن بہن بھائی کے کیس کا ڈراپ سین ہو گیا، بچوں کے حقیقی باپ نے پچاس ہزار میں فروخت کر کے اغواء کا ڈرامہ رچایا۔ بتایاگیا ہے کہ سفاک باپ نے ایک سال قبل دو لخت جگر پچاس ہزار کے عوض بیچ دیئے تھے اور ڈرامہ رچایا کہ اسکے بچوں کو شیخ کرامت نامی شخص نے اغوا ء کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے اہم شواہد اور مقدمہ کے مدعی کو شامل تفتیش کیا تو اصل محرکات سامنے آئے۔ بچوں نے بتایا کہ ان کے باپ نے کسی کے گھر کام کرنے بھجوایا اور پھر ایک سال تک وہ وہاں مقیم رہے۔بچوں کے باپ نے جھوٹا مقدمہ درج کرانے کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق شیخ کرامت نامی شخص کو بلیک میل کرنے کیلئے ملزم نے بچوں کو اونے پونے پیسوں میں بیچا۔ پولیس نے بچوں کو ساہیوال سے بازیاب کرا کے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔