عالمی برادری کو دہشت گردی کیخلاف پاکستانی موقف کو سیاق وسباق کے ساتھ سننے اور سمجھنے کی ضرورت ہے،چوہدری نثار علی خان

برطانوی پارلیمنٹ میں عالم اسلام اور کشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے نکات قابل ستائش ہیں،وزیر داخلہ کی وفد سے گفتگو

ہفتہ 7 جنوری 2017 12:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7جنوری۔2017ء) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دیں لیکن مظلوموں کے خون سے رنگے ہاتھوں والے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، عالمی برادری کو دہشتگردی کیخلاف پاکستانی موقف کو درست سیاق و سباق کے ساتھ سننے اور سمجھنے کی ضرورت ہے ۔اسلام آباد میں وزیرِداخلہ چوہدری نثار سے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے3 رکنی وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں لارڈنذیر احمد، قربان حسین اور یورپی پارلیمنٹ کے ممبر افضل خان شامل تھے۔ ملاقات میں دو طرقہ تعلقات کو مزید بہتر اور جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ مشترکہ پارلیمانی امور اور کشمیر سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں عالم اسلام اور کشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے نکات قابل ستائش ہیں، برطانیہ میں پاکستان کے موٴقف کو سنا اور بڑی حد تک سمجھا جاتا ہیاور علاقائی امن کے قیام میں برطانوی حکومت کی معاونت قابل تحسین ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کے موٴقف کو سیاق و سباق کے ساتھ سمجھے اور پاکستان کے موٴقف کو فراخ دلی سے سنے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیوں کے باوجود بعض عناصر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں ان عناصر کے اپنے ہاتھ مظلوموں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔