دھرتی سے دہشتگردی کو پاک کریں گے،نواز شریف

کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور شناخت ہے، انتہا پسندی معاشرے میں عدم برداشت اور دہشتگردی کا سبب بنتی ہے کچھ لوگ ملک میں نا امیدی اور مایوسی پھیلا رہے ہیں نئی نسل کے دلوں میں امید و یقین کی شمعیں روشن کرنی ہوں گی، ملک میں آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ادیبوں کی رہنمائی میں آپریشن ضرب قلم کی ضرور ہے وزیر اعظم کا اکادمی ادیبات کی چوتھی بین الاقوامی کانفرنس ،کشمیر با رے بین الاقوامی پارلیمانی سیمینار سے خطاب

جمعہ 6 جنوری 2017 10:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6جنوری۔2017ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دھرتی سے دہشتگردی کو پاک کریں گے۔ انتہا پسندی معاشرے میں عدم برداشت اور دہشتگردی کا سبب بنتی ہے کچھ لوگ ملک میں نا امیدی اور مایوسی پھیلا رہے ہیں۔ نئی نسل کے دلوں میں امید و یقین کی شمعیں روشن کرنی ہوں گی۔ ملک میں آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ساتھ ادیبوں کی رہنمائی میں آپریشن ضرب قلم کی ضرور ہے۔

قومی تاریخ اور ادبی ورثہ کے لئے 50کروڑ روپے انڈومنٹ فنڈ کا اعلان کیا۔ جمعرات کے روز اکادمی ادیبات کی چوتھی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ علم و دانش کی خوبصورت کانفرنس پر شرکت میں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ اہل قلم قوم کا دل و روح اور دماغ کا درجہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اہل قلم کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔

اہل قلم کا دن دوسروں کے دکھ درد کو محسوس کرتا ہے۔ اہل قلم خواب بھی دیتے ہیں اور اس کی تعبیر بھی ۔ حضور پاک نے علم و حکمت کو مومن کی میرات قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے 1930میں علیحدہ ریاست کا خواب دیکھا اور پھر قائداعظم نے خواب کی تعبیر دی۔ ملک میں آپریشن ضرب عضب کے ساتھ آپریشن ضرب قلم کی بھی ضرورت ہے جو ادیبوں کی رہنمائی میں کیا جائے۔

علامہ اقبال نے قرارداد پاکستان سے10سال قبل پاکستان کا خواب دیکھا تھا۔ کئی قوموں نے علامہ اقبال کی شاعری سے انقلاب پیدا کیا۔ علامہ اقبال کی شاعری نے دنیا بھر کے لوگوں کو خودی کا درس دیا۔ ادیبوں کی رہنمائی میں ضرب قلم کی سخت ضرورت ہے۔ کس طرح علمی، ادبی سرگرمیوں کو فروغ دیکر انتہا پسندی پر عدم برداشت رویے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ علم و ادب سے محروم ہوئے تو پستی اور غلامی کا شکار ہوئے۔

اسلام اس کائنات کا سب سے بڑا انقلاب ہے۔ اسلام کا آغاز اقراء کے مبارک لفظ سے ہوا۔ اللہ تعالیٰ نے قلم کی قسم کھائی ۔ علم و ادب کے ساتھ رہے تو ہمیشہ نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ شاعروں اور ادیبوں کی تحریریں دلوں کو گرماتی ہیں۔ اہل علم و دانش کی نگاہ حال ہی نہیں آنے والے زمانوں کو بھی دیکھ رہی ہوتی ہیں۔ ادیب، شاعر ، دانشور، مفکرین اور اہل قلم معاشرے کا ضمنی اثاثہ ہوتے ہیں۔

قومی تاریخ اور ادبہ ورثہ کے لئے 50کروڑ روپے انڈوومنٹ فنڈ کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اگر یہ فنڈ کم ہوا تو 50کروڑ روپے اور فنڈ بھی علم و ادب کی ترقی کے لئے دوں گا۔ وزیراعظم نے ادیبوں اور شاعروں کے لئے وظائف شروع کئے جا رہے ہیں۔ یہ فنڈ اہل علم کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم زبان و بیان کا سلیقہ بھولتے جا رہے ہیں۔

ہم دلداری پیدا کرنے والے الفاظ بھولتے جا رہے ہیں۔ میڈیا کے ایک حصے کے ذریعے رویے بدلتے جا رہے ہیں۔ یہی انتہا پسندی کا باعث بنتے ہیں۔ کچھ لوگ مایوسی اور نا امیدی پیدا کرنے کے لئے سر گرم ہے نئی نسل میں امید و یقین کی فصلیں پیدا کرنا ہونگی۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ نئی نسل کے دلوں میں امید و یقین کی شمعیں روشن کرنی ہونگی۔ آپریشن ضرب عضب نے دہشتگردی کی کمر توڑ دی۔

دہشتگردی کو ختم کر کے ملک کو امن و امان کا گہوارہ بنائیں گے اور دہشتگردی جیسی لعنت سے دھرتی کو پاک کریں گے۔قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور شناخت ہے اور اس جنت نظیر وادی کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے۔حق اور سچ کی آواز گولیوں سے نہیں دبائی جا سکتی، دنیا جاتی ہے کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اور کون نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرنا ہوگا،کشمیر سے متعلق بین الاقوامی پارلیمانی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور شناخت ہے اور ہم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور بین الاقوامی اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کراتے رہیں گے، کشمیر کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری جس بہادری اور عزم کے ساتھ قابض افواج کا جواں مردی سے مقابلہ کر رہے ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کشمیری نوجوان کشمیر کی تاریخ میں نیا باب رقم کر رہے ہیں، تحریک آزادی کے نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کشمیریوں کے لئے ایک مثال بن گئی ہے، وانی کی شہادت نے کشمیریوں میں ایک نیا ولولہ اور روح پھونک دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 6 7 ماہ سے جاری پرامن احتجاج کشمیریوں کی خواہش کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ مقبوضہ فورسز سے آزادی چاہتے ہیں اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر خوشی اور غم میں ان کے ساتھ شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیر کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لے مختلف ممالک میں وفود بھیجے اور میں نے خود بھی کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اٹھایا۔

وزیراعظم نوواز شریف نے کہا کہ کشمیر کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے اور حق اور سچ کی آواز گولیوں سے نہیں دبائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جاتی ہے کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اور کون نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے سیمینار کا بروقت انعقاد کیا گیا، اقوام متحدہ نے 70 سال قبل کشمیریوں سے آ زادی دینے کاوعدہ کیا تھا، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ مراسم چاہتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں بہتری ممکن نہیں۔