آرمی چیف نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو مسترد کر دیا

پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے،بھارتی آرمی چیف دعویٰ کرکے خود کو دھوکہ دے رہے ہیں گوادر پورٹ کی ترقی اور سی پیک کا حقیقی روپ دھارنا ہمارے قومی عزم کا ثبوت ہے بلوچستان پاکستان کا دل ہے،ہر قیمت پر امن قائم کریں گے،خضدار میں تقریب سے خطاب

جمعہ 6 جنوری 2017 10:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6جنوری۔2017ء)آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے،بھارتی آرمی چیف دعویٰ کرکے خود کو دھوکہ دے رہے ہیں،گوادر پورٹ کی ترقی اور سی پیک کا حقیقی روپ دھارنا ہمارے قومی عزم کا ثبوت ہے،بلوچستان پاکستان کا دل ہے،ہر قیمت پر امن قائم کریں گے۔

جمعرات کے روز خضدار میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے ہر قیمت پر بلوچستان میں امن قائم کریں گے۔ نیوی، ایئر فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بلوچستان کے لوگوں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بھی انجینئرنگ یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جا رہا ہے بلوچستان میں 25ہزار بچے ایف سی اور آرمی پبلک کے زیر انتظام چلنے والے تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ بلوچستان سے30ہزار فوجی جوان خدمات انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشمن عرصے سے بلوچستان کو غیر مستحکم اور شورش زدہ رکھنے کی کوشش کرتا رہا ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور فوج بلوچستان میں امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں،گوادر پورٹ کی ترقی اور سی پیک کا حقیقی روپ دھارنا ہمارے قومی عزم کا ثبوت ہے،ابھی آدھا کام ہوا ہے اقتصادی ترقی اور خوشحالی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے،آج بلوچستان مضبوط تر ہے اور بحالی کے راستے پر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف کے انٹرویو پر ردعمل میں اپنے بیان میں آرمی چیف نے سرجیکل اسٹرائیک کے بھارتی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے،ہم نے بحیثیت قوم خوب مقابلہ کیا اور دشمن کے عزائم ناکام بنائے،بھارتی آرمی چیف سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کرکے خود کو دھوکہ دے رہے ہیں