کراچی، پولیس افسران پر حملوں کا منصوبہ بے نقاب، گرفتار دہشت گردوں کا انکشاف

کراچی ایئر پورٹ حملے کی منصوبہ بندی طالبان امیر حاجی داؤد نے کی تھی جو ازبک دہشت گردوں سے رابطے میں تھا، دہشت گرد زاہد

بدھ 4 جنوری 2017 11:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جنوری۔2017ء )کراچی میں جماعت الاحرار کا 10افراد پر مشتمل نیٹ ورک بے نقاب ہو گیاہے۔ حساس اداروں کے ہاتھوں گرفتار 6ملزمان نے اہم افسران کو قتل کرنے کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر میں اہم پولیس افسران کو قتل کرنے کی سازش ہوئی بے نقاب ہو گئی۔ ویسٹ زون پولیس نے جماعت الاحرار کے چھ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ شہر میں بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

گرفتار دہشت گرد نور، سموں اور شاہد کے مطابق سہراب گوٹھ، منگھو پیر، لانڈھی اور دیگر علاقوں میں جماعت الاحرار کے نیٹ ورک کو منظم کر رہے تھے۔ جماعت کا نیٹ ورک قبائلی علاقے سے آپریٹ کیا جا رہا ہے۔ دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ شہر میں پولیس افسران کی ٹارگٹ کلنگ کی ریکی مکمل کر لی تھی۔ 2ایس ایس پیز اور کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ بم بنانے کے ماہر دہشت گرد زاہد نے انکشاف کیا کہ کراچی ایئر پورٹ حملے کی منصوبہ بندی طالبان امیر حاجی داؤد نے کی تھی جو ازبک دہشت گردوں سے رابطے میں تھا اور رینجرز پر ہونے والے خودکش حملے کی منصوبہ بندی بھی حاجی داؤد نے کی تھی۔