صدر اسلام آبادڈسٹرکٹ بار کی ملکی میڈیا سے کم سن گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کرنیوالے جوڈیشل آفیسرکا میڈیا ٹرائل نہ کرنے کی اپیل

منگل 3 جنوری 2017 10:51

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جنوری۔2017ء) اسلام آبادڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید محمد طیب ایڈوکیٹ نے ملکی میڈیا سے کم سن گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کرنے والے جوڈیشل آفیسرکا میڈیا ٹرائل نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ پیر کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کا میڈیا ذمہ دار ہے تاہم میں بار ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ کم سن ملازمہ پر تشدد کے معاملے میں ذمہ داری کا ثبوت دے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ خرم علی خان ایک نیک اور ایماندار جج ہیں اور وکلاء برادری ان کی عزت کرتی ہے۔انہوں نے تمام الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے اپیل کی کہ حاضر سروس جج کا میڈیا ٹرائل نہ کیا جائے اور نہ ہی زیر سماعت مقدمہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے عدالتی معاملات میں ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے لہذا اس کیس میں بھی میڈیا سے یہی امید کی جاتی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور حقائق سے بڑھ کر خبریں نہ دے ۔