راولپنڈی اسلام آباد کے میٹرو بس سٹیشن جیب کتروں کے لئے آسان اہداف بن گئے

جرائم پیشہ عناصر نے میٹرو بس کی ناقص سیکورٹی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خواتین، بچوں کو بھی جیب تراشی پرلگا دیا

پیر 2 جنوری 2017 10:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جنوری۔2017ء) راولپنڈی اسلام آباد کے میٹرو بس سٹیشن جیب کتروں کے لئے آسان اہداف بن گئے ہیں ،جرائم پیشہ عناصر نے میٹرو بس کی ناقص سیکورٹی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خواتین اور بچوں کو بھی جیب تراشی پرلگا دیا ہے،میٹرو بس میں رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خواتین کو نقدی موبائل اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کرنے کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی میٹرو بس میں سفر کرنے والے مرد حضرات کے بعد خواتین کو بھی اپنی نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم ہونے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے میٹرو کے مختلف سٹیشنز پرجرائم پیشہ عناصر نے خواتین کو لوٹنے کیلئے بچوں اور خواتین کو تعینات کر دیا ہے جو بس میں سوار ہونے والی خواتین کا جائزہ لیکر اپنے ہدف کے ساتھ بسوں میں سوار ہوجاتی ہیں اور رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں پرس میں موجود نقدی موبائل اور دیگر سامان سے محروم کر دیتی ہیں ذرائع کے مطابق میٹرو بس کی ناقص سیکورٹی اور مسافروں کی جانب سے واقعات کی پولیس رپورٹ درج نہ ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں میں بے حد تیزی آگئی ہے