بھارت علاج کیلئے جانیوالی حیدرآباد کی خاتون کااپنی کمسن بیٹی کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی جیل میں 4سال سے قید ہونے کاانکشاف

جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے خاتون کو فوری طور پر پاکستان بھیجنے کا حکم دیدیا وزیر داخلہ چوہدری نثار نے حیدر آباد کی روبینہ نامی خاتون سے متعلق خبر کا نوٹس لے لیا

پیر 2 جنوری 2017 11:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جنوری۔2017ء) بھارت علاج کیلئے جانیوالی حیدرآباد کی خاتون کا اپنی کمسن بیٹی کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی جیل میں 4سال سے قید ہونے کاانکشاف ہوا ہے تاہم جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے خاتون کو فوری طور پر پاکستان بھیجنے کا حکم دیدیا ۔بھارتی حکام نے عدالت میں رپورٹ پیش کی ہے جس میں کہا گیا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے خاتون کی قومیت کی تصدیق نہیں کی، اس لیے پاکستان نہیں بھیجا جاسکتا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستانی شہر حیدر آباد کی رہائشی روبینہ علاج کے لئے نومبر 2012 میں شوہر اور 4 ماہ کی بیٹی کے ساتھ نئی دہلی آئی، دغا باز شوہر انہیں دہلی میں لاوارث چھوڑ کر رقم اور پاسپورٹ لے کر غائب ہو گیا۔اخبار کے مطابق ماں بیٹی کی حالت پر رحم کھاتے ہوئے لوگوں نے رقم جمع کی اسے واہگہ بارڈر بھیج دیا، لیکن پاکستانی حکام نے مناسب دستاویزات نہ ہونے کے باعث سفر کرنے کی اجازت نہیں دی،پھر کچھ لوگوں نے اسے مقبوضہ جموں بھیجا جہاں انہیں 6 نومبر 2012 کو سیکورٹی فورسز نے گرفتار کرکینومولود بیٹی سمیت جیل بھیج دیا ۔

(جاری ہے)

روبینہ کی کہانی شاید دنیا کے سامنے نہ آتی اگر انسانی حقوق کے وکیل میر شفقت مقبوضہ جموں کشمیر کی کوٹ بھلوال جیل کا دورہ نہ کرتے۔2014 میں میر شفقت کے دورہ جیل کے دوران اس ماں بیٹی سے اتفاقی ملاقات ہو گئی،وہ اس وقت سے روبینہ کی ملک بدری کے حق کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں،2014 میں خاتون کی رہائی کیلییمقدمہ درج ہوا تو عدالت نے جیل حکام کوماں بیٹی کو ملک بدر کرنیکاکہا تاہم بھارتی حکام نے عدالت کو بتایا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن سے روبینہ کی قومیت کی تصدیق کی درخواست کی جو تاحال نہیں ہوسکی ۔

اور روبینہ کی وطن واپسی پاکستانی حکام کی تصدیق کے بغیر ممکن نہیں ۔ادھر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے حیدر آباد کی روبینہ نامی خاتون سے متعلق خبر کا نوٹس لے لیا۔ ڈائریکٹر پاسپورٹ ‘ چیئرمین نادرا کو روبینہ کے کوائف کی تصدیق کا حکم دیا گیا۔’ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے حیدر آباد کی روبینہ نامہ خاتون کی خبر سے متعلق نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ روبینہ کی شہریت کو 48 گھنٹے میں تصدیق کیا جائے۔ روبینہ اگر پاکستانی ہے تو اسے بھارت سے واپس لایا جائے۔ بھارتی اخبار کے مطابق پاکستان کی روبینہ مقبوضہ کشمیر کی جیل میں قید ہے۔