واپڈا نے 2016 ء میں نیشنل گرڈ کو 33 ارب 65 کروڑ 80 لاکھ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کی

نیشنل گرڈ کو مہیا کی جانے والی پن بجلی کی یہ پیداوار 2015ء کے مقابلے میں ایک ارب 81 کروڑ 80 لاکھ یونٹ زیادہ ہے پن بجلی کی اضافی پیداوار لوڈشیڈنگ میں کمی اور بجلی کی قیمتوں میں استحکام کا باعث بنی : واپڈا

اتوار 1 جنوری 2017 13:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1جنوری ۔2017ء ) واپڈا پن بجلی گھروں نے 2016 ء کے دوران نیشنل گرڈ کو 33ارب 65کروڑ 80لاکھ یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی فراہم کی جو 2015 ء کے مقابلے میں ایک ارب81کروڑ 80 لاکھ یونٹ(5 اعشاریہ 7 فیصد) زیادہ ہے۔ واپڈا پن بجلی گھروں سے اس اضافی پیداوار کی وجہ سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ میں کمی واقع ہوئی بلکہ سستی پن بجلی کے باعث بجلی کی قیمتوں میں بھی استحکام آیا ۔

آبی ذخائر سے ارسا کے انڈینٹ کے مطابق پانی کا اخراج اور واپڈا ہائیڈل پاور سٹیشنوں کا موٴثر آپریشن اور دیکھ بھال بجلی کی اس اضافی پیدا وار کے بنیادی عوامل ہیں ۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ بجلی پیدا کرنے کیلئے پانی سستاترین اور ماحول دوست ذریعہ ہے۔ واپڈا کی جانب سے مہیا کی جانے والی پن بجلی پاکستان میں بجلی کے مجموعی نرخوں کو کم سطح پر رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

مالی سال 2015-16 ء کے دوران مختلف ذرائع سے بجلی کی پیداواری لاگت سے متعلق پیپکو کے اعداد و شمار کے مطابق پن بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت محض 2 روپے 15 پیسے فی یونٹ رہی، جو باقی تمام ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کے مقابلے میں کئی گنا کم ہے۔پن بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت کے مقابلے میں گیس سے بجلی کی پیداواری لاگت 9 روپے 7پیسے فی یونٹ ، فرنس آئل سے 11روپے 5پیسے فی یونٹ ، ڈیزل سے17 روپے 96پیسے فی یونٹ، کوئلہ سے12 روپے 8پیسے فی یونٹ، نیوکلیئر سے6 روپے 86پیسے فی یونٹ ، ہواسے 16 روپے 63پیسے فی یونٹ ،گنے کے پھوک سے11روپے 95پیسے فی یونٹ، شمسی توانائی سے 16 روپے 95 پیسے،آر ایل این جی سے 11 روپے 27 پیسے اور ایران سے درآمد کی جانے والی بجلی کی لاگت 10 روپے 55 پیسے فی یونٹ رہی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ واپڈا کے 19 پن بجلی گھروں کی مجموعی پیداواری صلاحیت تقریباً 6 ہزار 9 سو میگاواٹ ہے جو ملک میں تمام ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کا تقریباً ایک تہائی ہے۔دنیا بھر میں پن بجلی گھروں کی اوسط عمر 30سے 35سال ہوتی ہے ۔ واپڈا کے بیشتر پن بجلی گھرکئی سال پیشتر یہ اوسط عمر پوری کر چکے ہیں، تاہم ابھی بھی کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں۔بہتر دیکھ بھال کی بدولت واپڈا پن بجلی گھر پرانے ہونے کے باوجود آج بھی اپنی پوری استعداد کے مطابق بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :