وزیر خزانہ سے گورنر سٹیٹ بینک کی ملاقات ،قومی مالیاتی امور پر گفتگو

اشرف محمود ووتھرا نے زرمبادلہ کے ذخائر کی تازہ صورتحال سے اسحاق ڈار کو آگاہ کیا اسحاق ڈار نے ملک کے بہتر معاشی پالیسیوں میں اہم کردار ادا کرنے پر سٹیٹ بینک کی کاوشوں کو سراہا

اتوار 1 جنوری 2017 13:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1جنوری ۔2017ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود نے ملاقات کی جس میں ملک کی مالی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے سٹیٹ بینک کے گورنر اشرف محمود نے ہفتے کو اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں قومی مالیاتی امور زیر غور آئے، گورنر سٹیٹ بینک نے اسحاق ڈار کو زرمبادلہ کے ذخائر کی تازہ صورتحال اور قومی مالیاتی پر عمل درآمد سے آگاہ کیا، اشرف محمود ووتھرا نے وفاقی وزیر خزانہ کو بتایا کہ سٹیٹ بینک نے معیشت کے بارے میں سرمایہ کاری رپورٹ جاری کر دی ہے، جب کہ ابتدائی معاشی اعداد و شمار کے مطابق ملک کی معاشی صورتحال مستحکم ہے، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کے بہتر معاشی پالیسیوں میں اہم کردار ادا کرنے پر سٹیٹ بینک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی بدولت ریکارڈ ترقی ہوئی ہے اور گزشتہ تین سال میں پاکستان کے زرمبادلہ کا ریکارڈ سطح تک پہنچنا اس کا سب سے بڑا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار اقتصادی پالیسیوں پر توجہ دے رہی ہے اور قومی مالیاتی انکلیوژن سٹرٹیجی اقتصادی ترقی میں اہم اور بنیادی کردار ادا کرے گی۔