پانامہ کیس :چیف جسٹس ثاقب نثار نے کیس کی سماعت کیلئے 5 رکنی نیا بنچ تشکیل دے دیا

جسٹس آصف سعید کھوسہ بنچ کی سربراہ کرینگے،4 جنوری کو باقاعدہ سماعت شروع ہوگی

اتوار 1 جنوری 2017 13:28

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1جنوری ۔2017ء ) نو منتخب چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی پاناما کیس کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا، جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ 4 جنوری کو کیس کی سماعت کریگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز چیف جسٹس ثاقب نثار نے وزیر اعظم نوازشریف اور انکے بچوں کے خلاف زیر سماعت پاناما کیس کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ، جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بینچ 4جنوری کو کیس کی دوبارہ سماعت کریگا۔

نئے بینچ میں چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار خود شامل نہیں ہونگے۔ کیس کی سماعت کیلئے تشکیل پانے والے نئے بینچ میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجا ز افضل کو شامل کیا گیا ہے جبکہ سابق بینچ کے رکن جسٹس اعجاز الحسن , جسٹس شیخ عظمت اور جسٹس آصف سعید کھوسہ بھی نئے بینچ کا حصہ ہونگے۔سابق بینچ میں شامل جسٹس امیر ہانی مسلم نئے بینچ کا حصہ نہیں ہونگے۔