سانحہ بارہ مئی کا ایک اور کردار منظر عام پر آ گیا

فائرنگ اور جلاوٴ گھیراوٴ میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ کا دہشتگرد گرفتار

جمعہ 30 دسمبر 2016 11:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2016ء)سانحہ بارہ مئی کا ایک اور کردار منظر عام پر آ گیا، فائرنگ اور جلاوٴ گھیراوٴ میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ کے دہشت گرد کو پولیس نے شاہ فیصل سے گرفتار کر لیا ہے۔ملزم کامران کی گرفتاری شاہ فیصل کے علاقے میں عمل میں آئی۔ گرفتار ملزم نے بارہ مئی کو کئے جانے والے جرائم پولیس کے سامنے اگل دیئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم کی فائرنگ سے بارہ مئی کو پیپلز پارٹی کا ایک کارکن ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

کامران نے بارہ مئی کو جلاوٴ گھراوٴ میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ گرفتار ملزم نے ساتھی کی ہلاکت کے بعد عظیم پورہ کے علاقے میں پولیس موبائل کو آگ لگائی۔ملزم ایم کیو ایم حقیقی کے دفتر کو آگ لگانے میں بھی ملوث ہے۔ گرفتار ملزم کامران کی ایم کیو ایم کے ایم این اے اقبال محمد علی کے ساتھ تصاویر پولیس نے تحویل میں لے لی ہیں۔ پولیس کے مطابق، ملزم کی نشاندہی پر مزید چھاپہ مار کارروائیاں کی جائیں گی۔