تحریک انصاف کے پاناما کے حوالے سے عوامی جلسے، حتمی شیڈول جاری کر دیا

گھروں میں محدود ہونے کا نہیں باہر نکل کر اپنا حق مانگنے کا وقت ہے،سیاسی آمریت کے خاتمے اور آئین و جمہور کی بالادستی قائم کرنے کا وقت ہے: شاہ محمود قریشی

جمعہ 30 دسمبر 2016 11:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف پانامہ ایشو کو لیکر ایک بار پھر میدان میں اتر رہی ہے۔ جلد ہی ہنگو، راجن پور، بہاولپور اور ڈی جی خان میں "عوامی میدان" سجائے جائیں گے۔تحریک انصاف نے جلسوں کے شیڈیول کو حتمی شکل دے دی۔تفصیلات کے مطابق 7 جنوری کو بیک وقت ہنگو اور راجن پور میں "عوامی میدان" سجائے جائیں گے۔

کپتان 7 جنوری کو ہنگو میں عظیم الشان جلسہ عام سے مخاطب ہوں گے جبکہ شاہ محمود قریشی 7 جنوری کو راجن پور میں خطاب کریں گے۔اگلے ہی دن یعنی 8 جنوری کو پوری قیادت بہالپور میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرے گی۔اس کے بعد 15 جنوری کو ڈی جی خان میں فقیدالمثال "عوامی میدان" سجایا جائے گا۔تحریک انصاف کی قیادت نے ریجنل صدور اور مقامی قائدین کو زبردست تیاریوں کی ہدایات جاری کردیں۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پانامہ لیکس پر عوام کے ساتھ ملکر حکمران ٹولے کا احتساب کریں گے۔یہ وقت گھروں میں محدود ہونے کا نہیں بلکہ باہر نکل کر اپنا حق مانگنے اور عوام کے حقوق باآسانی غصب کرنے کی بدترین رسم کو جڑ سے اکھاڑدینے کا وقت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اب ہمیں سیاسی آمریت کے خاتمہ کر کے آئین و جمہور کی بالادستی قائم کرنی ہے۔تحریک انصاف عوام کیساتھ ملکر پاکستان کے مستقبل کا خاکہ طے کرے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پانامہ کی تحقیقات اور حکمرانوں کے احتساب کا ایجنڈا قریہ قریہ پھیلائیں گے۔