مشتعل نوجوان نے ایم این اے ڈاکٹراظہرجدون کو تھپڑمار دیئے

پولیس نے نوجوان گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا،آج عدالت پیش کیا جائیگا اظہر جدون نے لیفٹیننٹ جنرل ایاز رانا کو تھپڑ مروائے،آج میں نے بدلہ لیا، گرفتار زین کی میڈیا سے گفتگو ایم این اے ڈاکٹراظہرجدون کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی تھپڑکیس کے بعد ایبٹ آباد پولیس نے دو ایف آئی آر درج کیں۔ تاہم تیسری ایف آئی آرکیہال کے رہائشی شیرمحمد خان ولد شیردل خان کی مدعیت میں درج ہوئی

جمعہ 30 دسمبر 2016 11:41

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2016ء)ایم این اے ڈاکٹراظہرجدون کو صحت انصاف کارڈکی تقریب کے دوران تھپڑمار دیئے گئے۔ اس ضمن میں پولیس اورمقامی ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ جمعرات کی صبح جلال باباآڈیٹوریم میں ہزارہ ڈویژن کیلئے صحت انصاف کارڈ کے اجراء کی تقریب کا انعقاد کیاگیاتھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی تھے۔

صحت انصاف کارڈ کی تقریب کے دوران صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی، ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون، صوبائی وزیر خوراک قلندرخان لودھی، سابق ایم پی اے نثار صفدر خان، سابق ایم پی اے زرگل خان،محکمہ صحت کے افسران، بلدیاتی نمائندے اور پاکستان تحریک انصاف کی خواتین بہت بڑی تعداد میں موجود تھیں۔ ذرائع کے مطابق تقریب کے دوران لساں نواب مانسہرہ کارہائشی زین نامی نوجوان اٹھ کر سٹیج پر چلا گیا۔

(جاری ہے)

اور ڈاکٹر اظہرجدون پر تھپڑوں کی بارش کردی۔ جس کے جواب میں ڈاکٹر اظہر جدون نے بھی نوجوان کو مارنے کی کوشش کی تاہم ممبرتحصیل کونسل نواں شہر صداقت خان اپنے حامیوں کے ہمراہ سٹیج پر چڑھ گئے اور نوجوان کومارنا شروع کردیا۔ پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو ڈاکٹراظہرجدون کے حامیوں سے چھڑا کر حراست میں لیکر تھانہ کینٹ منتقل کردیا۔ جھگڑے کے دوران زین نامی نوجوان کے کپڑے پھٹ گئے۔

اور سٹیج بھی گرگیا۔صحافیوں سے بات چیت کے دوران نوجوان کا کہناتھاکہ ڈاکٹراظہر جدون نے نواں شہر میں قتل ہونیوالے افراد کی نمازجنازہ کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز رانا کو تھپڑے مروائے تھے۔ جس کا بدلہ میں نے لیا ہے۔ آرمی کی عزت ہے۔ اور آرمی کی عزت کیلئے میں اپنی جان بھی دے سکتاہوں،انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پر عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے یہ کارڈ من پسند افراد کو دیئے جارہے ہیں ،صوبے میں ہسپتالوں کی حالت ابتر ہے ۔

کینٹ پولیس ذرائع کے مطابق زین کیخلاف زیر دفعہ 506 کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ زین کو جمعہ کے روز عدالت میں پیش کیاجائے گا،ادھرایم این اے ڈاکٹراظہرجدون کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ اس ضمن میں پولیس اور مقامی ذرائع نے بتایاکہ تھپڑکیس کے بعد ایبٹ آباد پولیس نے دو ایف آئی آر درج کیں۔ تاہم تیسری ایف آئی آرکیہال کے رہائشی شیرمحمد خان ولد شیردل خان کی مدعیت میں تھانہ کینٹ میں علت نمبر:1180زیردفعات 419,420,406پی پی سی کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے ڈاکٹر اظہرجدون کیخلاف درج کی گئی۔

ڈاکٹر اظہرجدون کیخلاف ایف آئی آر کے حوالے سے جب تھانہ کینٹ میں رابطہ کیاگیا تو اہلکاروں نے تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ تاہم غیرمصدقہ ذرائع کے مطابق ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون پر وارثتی زمین دھوکہ دہی سے فروخت کرنے کاالزام لگایاگیاہے۔ اور ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون کیخلاف ڈی آئی جی ہزارہ رینج سعید وزیر کے خصوصی احکامات کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :