عمران خان یہودی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، مولانا فضل الرحمن

الزامات نہ لگائے کردار کا مقابلہ کریں، ان کے کردار سے تعفن اٹھے گا،زبان کھولی تو گلی میں جینا محال ہو جائے گا خیبر پختونخوا میں منافقوں کی حکومت ناکام ہو چکی، 2017ء کی تحریک میں ان کا مکمل صفایا کریں گے، امریکی مخالفت پر دہشتگردی کے طعنے ملتے ہیں لیکن جماعت حق کی صدا بلند کرتی رہے گی، نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب

منگل 27 دسمبر 2016 11:28

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27دسمبر۔2016ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان یہودی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، الزامات نہ لگائے کردار کا مقابلہ کریں۔ ان کے کردار سے تعفن اٹھے گا۔ زبان کھولی تو گلی میں جینا محال ہو جائے گا۔ خیبر پختونخوا میں منافقوں کی حکومت ناکام ہو چکی، 2017ء کی تحریک میں ان کا مکمل صفایا کریں گے۔

امریکی مخالفت پر دہشتگردی کے طعنے ملتے ہیں لیکن جماعت حق کی صدا بلند کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکے روز نوشہرہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ جے یو آئی(ف) کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری اور بے انصافی عام ہے لیکن سیاسی قوتیں بے ہودہ سیاست کی راہ اپنائے ہوئے ہیں جس سے ملک کی بنیاد بھی تباہ ہو رہی تھی۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی قوت سنجیدہ سیاست کی بجائے یہود کی سیاست کرر ہی ہے اور ہم اس ملک میں یہود و ہنود اور مغربی سیاست کو برداشت نہیں کریں گے۔ اسلامی مملکت میں مغرب کی سیاست نہیں چلے گی۔ وہ اپنے عمل سے ثابت کر چکے ہیں کہ وہ یہودی نمائندے ہیں اور ان کی تہذیب مسلمانوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مجھ پر الزامات لگاتے ہیں تو میں ان کو دعوت دیتا ہوں کہ الزامات نہ لگائے آئے میں اپنا اور اپنے باپ ، دادا کے کردار کا مقابلہ تمھارے اور تمھارے باپ دادا کے کردار سے کرنے کو تیار ہوں۔

لیکن تمھارا کردار عوام کے سامنے آنے سے تعفن اٹھے گا۔ ہم زبان کھولتے نہیں تو اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ اپ صاف کردار کے مالک ہیں۔ زبان کھولی تو پھر گلی میں چلنا بھی محال ہو جائے گا۔ جے یو آئی (ف) کیک سربراہ نے کہا کہ عمران خان نے عوام کے ساتھ بہت وعدے کئے لیکن خیبر پختونخوا میں ” منافق“ مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور2017ء میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی زیر قیادت ایک تحریک چلے گی جس سے ان سب منافقوں کا صفایا ہو جائے گا۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قوم کو بے روزگاری سے نکالنا اور امن کا بول بالا کرنا عوام خان کے لوٹے اور مداریوں کے دعوؤں اور وعدوں سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لئے قرآنی تعلیمات ہمارے سامنے ہیں اور قرانی تعلیمات پر عمل کر کے ہی ہم مسائل کا حل نکال سکتے ہیں جس کے لئے جمعیت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے حالات سب کے سامنے ہیں، شام، صومالیہ ، کشمیر ، میانمار سمیت دنیا میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے اور عالمی دنیا اس پر خاموش ہے۔

شام میں مسلمانوں کی نسل کشی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور افغانتسان میں امریکی ممبر پر سب نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ عالمی دہشتگرد ہے ، کسی بھی قوم کو غلام بنانے کے لئے اس کے ایمان اور حق کے لئے قوت مذاہمت چھین لینے کے حربے استعمال کر رہا ہے لیکن جمعیت ان قوتوں کے خلاف مستعدی کے ساتھ برسر پیکار رہے گی اور حق کی صدا بلند کرتی رہے گی۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم امریکہ کے خلاف بات کرتے ہیں اور اسلام کے خلاف ان کی کوششوں کا مقابلہ کرتے ہیں تو ہمیں دہشتگرد گردانا جاتا ہے اور اسی طرح ہمارے مدرسوں کو بدنام کیا جاتا ہے لیکن ان کے حربوں سے مدرسے ختم نہیں ہوں گے اور نہ جمعیت کی آواز دب سکے گی بلکہ جمعیت علمائے اسلام حق کی آواز بلند کرتی رہے گی۔