ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے متنازع خیراتی ادارے کو بند کرنے کا عہد

جب تک تحقیقات جاری ہیں، ٹرمپ اپنے فاوٴنڈیشن کو بند نہیں کر سکتے،اٹارنی جنرل

پیر 26 دسمبر 2016 09:48

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26دسمبر۔2016ء)امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے خیراتی ادارے کو بند کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔خیال رہے کہ ان کے خیراتی فاوٴنڈیشن کے کام کاج کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔نیویارک کے اٹارنی جنرل فاوٴنڈیشن میں ہونے والی 'ممکنہ بے ضابطگیوں' کی جانچ کر رہے ہیں جبکہ ٹرمپ کسی بے ضابطگی سے انکار کرتے ہیں۔

اٹارنی جنرل کے دفتر نے کہا ہے کہ جب تک تحقیقات جاری ہیں، ٹرمپ اپنے فاوٴنڈیشن کو بند نہیں کر سکتے۔ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے 'فاوٴنڈیشن نے گذشتہ برسوں کے دوران بہت اچھے کام کیے اور اہل تنظیموں کو لاکھوں ڈالر کی امداد دی جس میں معمر افراد، قانون نافذ کرنے والے افسروں اور بچوں کو تعاون بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے ادارے کو بند کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا: 'میرے صدارتی کردار کے ساتھ اس کے ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں خیراتی کاموں میں اپنی دلچسپی کو دوسرے طریقوں سے جاری رکھ سکتا ہوں۔

'خیال رہے کہ ٹرمپ 20 جنوری کو صدر اوباما کی جگہ لیں گے۔ انھوں نے آٹھ نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار ہلیری کلنٹن کو شکست دی تھی۔ڈونلڈ جے ٹرمپ فاوٴنڈیشن ایک نجی خیراتی ادارہ ہے جسے ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ 1987 میں اپنی بیسٹ سیلنگ کتاب 'دا آرٹ آف دا ڈیل' کی کمائی سے قائم کیا تھا۔انھوں نے سنہ 1989 میں اسے دس لاکھ ڈالر کا تعاون دیا تھا اور سنہ 2005 تک مسٹر ٹرمپ ہی بنیادی طور پر اس میں مالی تعاون کرتے رہے لیکن اس کے بعد وہ ادارہ بینک کے تحت آ گاہ اور اس میں ٹرمپ، ان کے دوست اور ایسوسی ایٹس کی جانب سے تعاون ہونے لگا۔

انٹرنل ریوینو سروس کی سنہ 2014 کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق فاوٴنڈیشن نے 12 لاکھ ڈالر سے زیادہ کی املاک کا دعویٰ کیا ہے جبکہ اس میں رچرڈ ایبرس کی جانب سے پانچ لاکھ ڈالر سے زیادہ کا تعاون شامل ہے، جبکہ فاوٴنڈیشن نے تقریبا چھ لاکھ ڈالر خرچ کیے۔نیویارک کے اٹارنی جنرل ایرک شنائڈرمین نے ستمبر میں کہا کہ ان کا دفتر اس بات کی 'یقین دہانی چاہتا ہے کہ آیا فاوٴنڈیشن نیویارک کے خیراتی قوانین پر عمل کر رہا ہے یا نہیں۔

'انھوں نے اس وقت سی این این کو بتایا: 'ہمیں یہ خدشہ ہے کہ ٹرمپ فاوٴنڈیشن اس کے متعلق کسی نہ کسی قسم کی بے ضابطگی میں ملوث ہے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل کا دفتر ٹرمپ فاوٴنڈیش کی کم از کم جون سے جانچ پڑتال کر رہا ہے۔ فلوریڈا کی اٹارنی جنرل پام بونڈی کو دیے جانے والی 25 ہزار ڈالر کی رقم کی جانچ کی جا رہی ہے اور مسز بونڈی کسی فراڈ سے انکار کرتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :