2016ء فضائی حادثات کی تاریخ میں خونی ترین سال رہا

صرف دسمبرمیں سانحہ حویلیاں سمیت تین بڑے فضائی حادثات میں ڈیڑھ سو کے قریب افراد لقمہ اجل بن گئے

پیر 26 دسمبر 2016 10:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26دسمبر۔2016ء)سال 2016ء فضائی حادثات کے حوالے سے دنیا کی تاریخ میں خونی ترین سال طور پر یاد رکھا جائے گا جبکہ صرف دسمبرمیں تین بڑے جان لیوا فضائی حادثات میں ڈیڑھ سو کے قریب افراد لقمہ اجل بن گئے ،ان میں سانحہ حویلیاں بھی شامل ہے ۔تفصیلات کے مطاابق اتوار کو روس کے فوجیوں کو شام لے جانے والا طیارہ بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہوگیا،طیارے میں92افراد سوار تھے،جن میں روسی فوج کا بینڈ بھی شامل تھا جو سال نو کی تقریبات میں شرکت کیلئے شام جارہے تھے،روسی وزارت دفاع کے مطابق TU154روس کے شہر ایڈلر سے شام جانے والا طیارہ اڑان کے کچھ دیر بعد بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہوگیا،طیارے میں عملے کے آٹھ افراد سمیت 92مسافر سوار تھے،طیارہ اڑان کے دو منٹ بعد ہی ریڈار سے غائب ہوگیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح گزشتہ ہفتے 20دسمبر کو ایک مال بردار طیارہ جو پویورٹو کرینو سے کولمبیا کے شہر بگوٹا جارہا تھا جو اڑان بھرنے سے قبل رن وے ختم ہونے سے 100میٹر پہلے باڑ کے ساتھ ٹکرا گیا تھا،حادثے میں عملے کے چھ میں سے پانچ ارکان ہلاک ہوگئے۔7 دسمبر کو پاکستان میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جب چترال سے اسلام آباد آنیوالا پی آئی اے کی PK661 پرواز حویلیاں کے قریب پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے کے پانچ ارکان سمیت47مسافر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے،جاں بحق ہونے والوں میں مشہور مذہبی سکالر جنید جمشید بھی شامل تھے۔

28نومبر کو برازیلین کبل فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو بولیویا سے کولمبیا لے جانیوالا LM12933 طیارہ گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجہ میں عملے کے 19ارکان سمیت64 افراد ہلاک ہوئے جبکہ چار افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے تھے ،اس میں طیارے کا مالک بھی سوار تھا جو حادثے میں ہلاک ہوگیا۔اسی سال تین اگست کو ایمرٹس سوئٹزرلینڈ EK521 دبئی ائیرپورٹ پر ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی تھی ،اس میں282مسافر سوار تھے،تاہم آگ بجھانے والا ایک فائرفائٹر ہلاک ہوگیا تھا ، 19مئی کو مصر ی ائیرلائن کا طیارہMS804 پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہوگیا جس میں عملے کے10ارکان سمیت56افراد ہلاک ہوئے ۔

اسی طرح 13اپریل کو پاپوا نیو گنی کی ایک ڈومیسٹک پرواز ،لینڈنگ سے تھوڑی دیر پہلے انجن فیل ہونے کی وجہ سے تباہ ہوگئی تھی جس میں موجود پائلٹ سمیت12افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔19مارچ کو دبئی سے روس جانیوالا طیارہ FZ98گر کر تباہ ہوا جس میں سوار عملے کے سات ارکان سمیت 62 افراد ہلاک ہوئے۔ 24فروری کو نیپال میں ایک ڈومیسٹک پرواز کو پیش آنیوالے میں20افراد ہلاک ہوئے۔