قائد اعظم کے فرمودات کے مطابق ملک کو ترقی دینا ہوگی،وزیراعلیٰ سندھ

بلاول نے 4 بڑے مطالبات سامنے رکھے ہیں جو جائز ہیں، جنوری کے پہلے ہفتے میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے،2018کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی صرف ایک آئی جی سندھ کا ہی مسئلہ نہیں اور بھی معاملات ہیں ،کسی کے چھٹی پر چلے جانے سے معاملات نہیں رکتے میئر کو اختیارات دینا میرے بس میں نہیں ہے ،کوئی سیاسی بات کرنا چاہتا ہے تو وہ اس کا حق ہے، آصف زرداری 27 دسمبر کو شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کریں گے ،مرادعلی شاہ کی پر مزار قائد پر پھول چڑھا نے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت

پیر 26 دسمبر 2016 10:32

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26دسمبر۔2016ء)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے فرمودات کے مطابق ملک کو ترقی دینا ہوگی یہ بات اتوار کے روز انہوں نے اپنی کابینہ کے ساتھ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 141واں یوم ولادت کے موقع پر مزار قائد پر پھول چڑھا نے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہو ں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی جدوجہد سے پاکستان کی آزادی کی موومینٹ کو شروع کیا اورانہوں نے ہمیں پاکستان دیا۔ ہم سب پر فرض ہے کہ قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو مزید مستحکم اور عوام کی خدمت کریں۔ ہم پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں قائداعظم کے سنہری اصولو ں پر چلتے ہوئے ملک اور قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے 4 بڑے مطالبات سامنے رکھے ہیں جو کہ جائز ہیں اور جنوری کے پہلے ہفتے میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے ،2018کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ صرف ایک آئی جی سندھ کا ہی مسئلہ نہیں اور بھی معاملات ہیں ،کسی کے چھٹی پر چلے جانے سے معاملات نہیں رکتے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عاصم کی آصف علی زرداری سے ملاقات کا مجھے علم نہیں ہے ،ڈاکٹر عاصم کی دہشتگردی کے کیس میں ضمانت ہو چکی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ قانونی طور پر بلدیاتی اداروں کو اختیارات دئیے گئے ہیں ،کراچی کے شہریوں کی بہتری کے لئے مل کر کام کریں گے ،کوشش ہے کراچی میں امن برقرار رہے ۔انہوں نے کہاکہ میئر کو اختیارات دینا میرے بس میں نہیں ہے ،کوئی سیاسی بات کرنا چاہتا ہے تو وہ اس کا حق ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اختیارات کا رونا رونے کے بجائے کام کر کے دکھائیں ، ہم ساتھ ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ چیئرمین آصف علی زرداری ڈیڑھ سال بعد ملک واپس آئے ہیں اورمخالفین ان کی آمد سے پریشان ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم ہمارے کو -چیئرمین کی بڑی کامیابی ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ انور مجید کے معاملے کو قانون کے مطابق دیکھ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کا بغیر وزیرخارجہ کے چلنا کسی کو نظر نہیں آتا مگرآئی جی سندھ چھٹی پر جاتے ہیں تو وہ سب کو نظر آتا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ آصف علی زرداری مشکل حالات میں ملک کے صدر رہے ،پارلیمنٹ سب سے بڑا ادارہ ہے ، پانامالیکس کے معاملے کو وہی دیکھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری پچھلے سال واپس آتے لیکن صحت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے نہیں آسکے تھے ۔انہوں نے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری 27 دسمبر کو شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کریں گے ۔