ڈپٹی میئر کراچی کا شہر بھر کی عمارتوں کیلئے قانون سازی کا عندیہ

مختلف رہائشی علاقوں اور فلیٹوں کی یونینز کو اپنی عمارت کی دیکھ بھال ، مرمت کا خیال رکھنا چاہئے تاکہ حادثات سے بچا جاسکے، ڈاکٹر ارشد وہرہ

اتوار 25 دسمبر 2016 14:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25دسمبر۔2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے شہر بھر کی عمارتوں کیلئے قانون سازی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف رہائشی علاقوں اور فلیٹوں کی یونینز کو اپنی عمارت کی دیکھ بھال ، مرمت کا خیال رکھنا چاہئے تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے رینبوسینٹر میں لفٹ کے حادثے کی جگہ کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ ایک بچہ ہلاکت کی اطلاع پر رینبوسینٹر پہنچے تھے اورانہوں نے اس حادثے کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ڈپٹی میئر کراچی نے لفٹ کے حادثے میں بچے کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ یہ حادثات عمارات کی مرمت اور دیکھ بھال نظر انداز کرنے کے سبب پیش آتے ہیں جس کے سدباب ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ اگرسینٹر کی یونین اپناکام ٹھیک سے نہیں کرینگی تو ایکشن لیا جائے گااور مجبوراً بلدیہ عظمیٰ کراچی کو قانون سازی کرنی پڑیگی۔

ڈپٹی میئرنے رینبو سینٹر کے رہائشیوں اور یونین کے ممبران سے ملاقات کی اور یونین پیر کے روز بلدیہ عظمیٰ کے دفتر میں طلب کرلیا۔اس دوران مکینوں نے شکایتوں کے انبار لگادیے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی ایک ہفتے میں تحقیقات مکمل کرے گی ،اس میں سسٹم کو بہتر اور ریگولرائز کرنا بہت بڑا ایشو ہے۔واضح رہے کہ ہفتہ کی صبح رینبو سینٹر کی آٹھویں منزل پر لفٹ نہیں آئی مگر اس کا دروازہ کھل گیاجس سے گر کر 12 سالہ زین اللہ جاں بحق ہو گیا۔

متعلقہ عنوان :