کپتان نے نون لیگ سے ہاتھ ملانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے لیا

بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں پارٹی پالیسی سے رو گردانی کرنے والے ارکان کی پارٹی رکنیت معطل ، اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دیئے گئے

اتوار 25 دسمبر 2016 13:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25دسمبر۔2016ء)کپتان نے نون لیگ سے ہاتھ ملانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے لیا۔ بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں پارٹی پالیسی سے رو گردانی کرنے والے ارکان کی پارٹی رکنیت معطل کرکے انہیں اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کردئے گئے۔تفصیلات کے مطابق میانوالی سے ملک مطیع اللہ ، فیصل آباد سے ممتاز چیمہ، حسن مسعود ملک اور ذیشان لیاقت، اٹک سے احسن کمبڑیال ، سہیل کمبڑیال اور عاطف کی بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کےئے گئے ہیں۔

ان کے علاوہ فیصل آباد سے با یعقوب ، میاں محمد اقبال ، میاں شفقت محمود، آفتاب بھٹی، ایاز گجر اور مس نصرت شفیق ، میانوالی سے ببلی خان ، ڈاکٹر صلاح الدین ، سید محمود شاہ ، فاروق درال اور ملک ممتاز جبکہ میانوالی سے ہی فیاض شاہ ، خورشید خٹک، غلام محمد خٹک، ظفر خان بلچ اور نادر شہروز اور ماجد کی بھی بنیادی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ناروال سے بھی طارق انیس، وکیل منج اور ارشد منج کی بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے شوکاز نوٹسز جاری کیئے گئے ہیں ۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج بنی گالہ میں اپنے بیان میں کہا کہ وہ فیصل آباد ، میانوالی سمیت پنجاب بھر میں نون لیگ سے ہاتھ ملانے والوں کی بنیادی رکنیت ختم کر رہے ہیں۔۔ عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے سیاست میں ضمیر خریدنے جیسی بد ترین رسم متعارف کروائی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف چھانگا مانگا سیاست کے موجد ہیں اور سیاسی اور معاشرتی اخلاقیات کا جنازہ نکال دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے ہمیشہ دھاندلی اور وفاداریاں خرید کر ہی اقتدار تک رسائی حاصل کی ہے۔عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک سے نظریاتی سیاست کے خاتمے میں نواز شریف کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔عمران خان نے اپنے بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف نواز شریف اور ان کے بد ترین طرز سیاست اور حکومت کا ہر محاذ پر مقابلہ کرے گی۔ اور آئندہ انتخابات میں نواز شریف کو خریدنے کے لیئے کوئی ضمیر میسر نہیں آئے گادوسری جانب پاکستان چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میدیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری کردہ خبر کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف اور پختونخوا حکومت کے خلاف شرمناک نون لیگی پراپگینڈے کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ساڑھے تین سال میں نون لیگ کو گھٹیا سا الزام لگانے کے علاوہ کوئی کامیابی نہیں ملی۔ افتخار درانی اور فیصل جاوید سے غلط اور من گھڑت خبریں منسوب کر کے صوبے میں کرپشن کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔

اعلامیئے کے مطابق نون لیگ کی اس بھونڈی کوشش سے ثابت ہو گیا کہ پختونخوا کا وجود کرپشن سے پاک ہو چکا ہے ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جسٹس فائز عیسی کی رپورٹ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے ، ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ اعلامیئے کی مزید تفصیلات کے مطابق ریگولیٹرز کو وزارتوں کے ماتحت کرنے کا فیصلہ شریفوں کی جانب سے لوٹ مار کا ایک نیا طریقہ کہا گیا اور یہ کہ وزیر اعظم اپنی اور اپنے خاندان کی کرپشن میں حائل ایک ایک رکاوٹ دور کرنا چاہتے ہیں۔اجلاس مین ہونے والی گفتگو کے مطابق نیب کی جانب سے چوروں اور لٹیروں سے پلی بارگین شرمناک رسم ہے۔اورنیب عملی طور پر کرپشن کی سرپرستی کرنے والا آئینی ادارہ بن چکا ہے۔