قوم کو سرپرائز دینے کا دعوی کرنے وا لے خود سرپرائزڈ بن گئے ہیں، خواجہ محمد آصف

ہمارے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو گذشتہ چار سالوں میں ہر میدان میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا مخالفین نوشتہ دیوار نہیں پڑھ سکے ان کی آنکھوں، کانوں اور دلوں پر قفل پڑے ہیں ‘ نوشتہ دیوار پر لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ 2018ء کے الیکشن میں بھی میاں محمد نواز شریف کو فتح سے ہمکنار کریگا بلدیاتی انتخابات میں سونامی کہیں نظر نہیں آرہی،عوام نے الزامات کی سیاست کو شکست دے دی ہے عوام ترقی پسند ہیں، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 23 دسمبر 2016 10:23

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2016ء)وفاقی وزیر دفاع پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو گذشتہ چار سالوں میں ہر میدان میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا‘ مخالفین نوشتہ دیوار نہیں پڑھ سکے ان کی آنکھوں، کانوں اور دلوں پر قفل پڑے ہیں ‘ نوشتہ دیوار پر لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ 2018ء کے الیکشن میں بھی میاں محمد نواز شریف کو فتح سے ہمکنار کریگا ۔

، بلدیاتی انتخابات میں سونامی کہیں نظر نہیں آرہی،عوام نے الزامات کی سیاست کو شکست دے دی ہے عوام ترقی پسند ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے کلین سویپ کرنے کے بعد مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ قوم کو سرپرائز دینے کا دعوی کرنے والے خود سرپرائزڈ بن گے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کسی کو کیا سرپرائز دینا ہے ۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں لوڈشیڈنگ پر ہونے والے احتجاج کو میڈیا کوریج دیتا ہے اوریہ احتجاج ہماری سر آنکھوں پرہے لیکن گذشتہ حکومت میں 14,14گھنٹے بجلی جانے کے مقابلے میں ان چار سالوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی مد میں پا کستان مسلم لیگ ن کی خدمت کے سفر کی کامیابی کے ساتھ میڈیا انصاف نہیں کررہا اور ان کوجائز کوریج نہیں دے رہا۔

خواجہ محمد آصف نے کہاکہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ معاشی خود مختاری اور خود انحصاری کا منصوبہ ہے جس کی اہمیت کو بعض لوگ سمجھ نہیں پا رہے ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے مد میں ملک میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چینی کمپنی یہ قرضہ لیکر پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کی بدولت ملک میں تعمیر وترقی کے نئے دروازے کھل رہے ہیں جس سے اللہ کی خیرو برکت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اس میگا پراجیکٹ میں روس، ایران، افغانستان اور وسطحی ایشیا کی تمام ریاستیں آنا چاہتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کا دروازہ میاں محمد نواز شریف نے کھولا ہے ۔ انہون نے کہا کہ 2018ء تک اس منصوبے کے معاشی اثرات کا خاکہ نظر آنا شروع ہوجائے گا۔ یہ صحیح معنوں میں معاشی آزادی اور خودمختاری کا منصوبہ ہے اور اقوام عالم میں پاکستان کو منفرد مقام دلوائے گا۔

انہوں نے کہاکہ معاشی مسائل کی وجہ سے ہمیں اغیار کی جانب دیکھنا پڑتا ہے اور کبھی ہمارے جہاز بند کردیئے جاتے ہیں اور کبھی ہمارے سامنے مطالبات کے ڈھیر لگا دیئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے بعد پاکستان خطے کی معاشی طاقت بن کر ابھرے گااور ہم عزت اور وقار کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ کھڑے ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ دشمن کے پیٹ میں یہی مروڑ اٹھ رہے ہیں۔