سیکٹر ایف 11/4 گھرسے ڈیڑھ ارب روپے کی شراب پکڑ ی گئی

گھر بدنام زمانہ شراب فروش ملک عامر نے فلپائنی سفارتخانے کی ملازمہ کے نام پر کرائے پر حاصل کر رکھا ہے، 3 ملازم گرفتار پولیس شراب کی اصل مالیت ظاہر کرنے میں ہچکچاٹ کا شکار، ایس پی صدر ،ڈی ایس پی، اے سی صدر کا مشترکہ چھاپہ

جمعہ 23 دسمبر 2016 10:23

اسلا م آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2016ء)وفاقی دالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون فور کے گھرسے ڈیڑھ ارب روپے کی شراب کی کھیپ پکڑ لی گئی۔مبینہ طور پر یہ گھر بدنام زمانہ شراب فروش ملک عامر نے فلپائنی سفارتخانے کی ملازمہ کے نام پر کرائے پر حاصل کر رکھا ہے۔ پولیس پکڑی گئی شراب کی اصل مالیت ظاہر کرنے میں ہچکچانے لگی۔ 8 مزدا ٹرکوں میں لے جائی جانے والی شراب کی مالیت پولیس نے 3سے 4کروڑ روپے ظاہر کر دی۔

فلپائنی سفارتخانے کی نمبر پلیٹ والی گاڑی برآمد ، 3 پاکستانی ملازمین کوبھی گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون فورگلی نمبر 54 مکان نمبر 251 میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شراب کی بھاری کھیپ پکڑلی ہے۔

(جاری ہے)

ایس پی صدر زون ذیشان حیدر ،ڈی ایس پی باقر، اے سی صدر علی اصغر اور اے سی شعیب علی نے مخبر کی اطلاع پر مشترکہ چھاپہ مارا ۔

جہاں غیر ملکی شراب اور بئیر ایف الیون فور کے ایک گھر سے برآمد کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پکڑ ی جانے والی شراب کی قیمت ڈیڑھ ارب روپے ہے۔ ایک عرصہ سے اس گھر سے شراب اور بئیر سپلائی ہورہی تھی۔ پولیس کے مطابق گھر میں ایک فلپائن سفارت خانے کی خاتون اہلکارانیلہ رہائش پذیر ہے ۔جو کہ فلپائنی سفارتخانے میں کمپویٹر آپریٹر کے طور پر کام کرتی ہیں ۔

جن کے نام پر بدنام زمانہ شراب فروش ملک عامر نے ایگریمنٹ بنا کر گھر لیا ہوا ہے جس میں غیر ملکی شراب بھاری کھیپ میں سٹور کی گئی،خاتون اس گھر میں رہائش پذیر نہیں ہے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ بدنام زمانہ شراب فروش ملک عامر نے اس سے قبل اپنے دو ملازمین کو قادیانی ظاہر کرکے ان کے نام پر شراب فروخت کرنے کے پرمٹ لیے ہوئے تھے۔ ملک عامر پر اسلام آبادکے مختلف تھانوں اور کسٹم میں مقدمات درج ہیں جن پر اثر رسوخ کے باعث تاحال حتمی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔

تھانہ شالیمارکے تفتیشی آفیسر اے ایس آئی احسان اللہ نے بھاری مقدار میں شراب پکڑنے کی تصدیق توکر دی تاہم تفصیلات بتانے سے گریزکیا۔ مزید موقف کے لئے ایس پی ذیشان حیدر اور ڈی ایس پی غلام باقر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے ٹیلی فون موصول نہ کئے۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ پولیس نے تین پاکستانی ملازمین عمران ، بشیر اور عبدالعزیز کو بھی گرفتار کرلیاہے جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ گھر سے ایک عرصے سے شہر بھر میں شراب سپلائی کی جا رہی تھی۔ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر ایسے موقعہ پر چھاپہ مارا جب وہاں شراب کی ایک بڑی کھیپ موجود تھی۔