رومانیہ کے نئے وزیراعظم کے لیے مسلم خاتون کا نام تجویز

52 سالہ سیول شاہدہ کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے لیے صدر کلاوٴس یوہانس کی توثیق اور پھر پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا

جمعہ 23 دسمبر 2016 10:30

بخارسٹ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2016ء ) رومانیہ کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (پی ایس ڈی) نے ملک کے نئے وزیراعظم کے لیے ملک میں مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والی خاتون کا نام تجویز کردیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق 52 سالہ سیول شاہدہ کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے لیے صدر کلاوٴس یوہانس کی توثیق اور پھر پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔

شاہدہ رومانیہ کی سابق بائیں بازو کی جماعت کی حکومت کے دوران ریجنل ڈویلپمنٹ منسٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔واضح رہے کہ رومانیہ میں 11 دسمبر کو ہونے والے عام انتخابات میں پی ایس ڈی نے کامیابی حاصل کی تھی اور ایک اتحادی جماعت کی حمایت کے ساتھ 465 نشستوں پر مشتمل پارلیمنٹ میں 250 سیٹوں کے ساتھ سادہ اکثریت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

اگر شاہدہ کو صدر اور پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہوگئی تو وہ رومانیہ کی پہلی خاتون اور مسلم وزیراعظم ہوں گی۔

رومانیہ کے وزیراعظم نے نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے جبکہ صدر کی جانب سے جمعے کو وزیراعظم کے نام کا اعلان بھی متوقع ہے۔پی ایس ڈی نے انتخابی مہم کے دوران مزدوروں کی اجرت میں اضافے اور پینشن میں اضافے کا وعدہ کیا تھا۔وزارت عظمیٰ کے لیے پی ایس ڈی کے ایک اور رہنما لیویو ڈریگنیا بھی میدان میں آنے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں تاہم رومانیہ کے صدر واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایسے کیس امیدوار کی حمایت نہیں کریں گے جس کا ماضی داغ دار ہو۔

متعلقہ عنوان :