پوری قوم کو پانامہ لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے، نعیم الحق

توقع ہے فیصلے کے نتیجے میں وزیر اعظم نواز شریف نااہل ہوجائیں گے،فاروق ستار گروپ کے پاس الطاف حسین کا مینڈیٹ پہلے وہ مستعفی ہوں نہیں تو ان کے حوالے سے خدشات رہیں گے کراچی کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے حکومت 100ارب روپے کے فنڈز مختص کرے، نبیل گبول نے تحریک انصاف میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے، انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس

جمعہ 23 دسمبر 2016 11:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ پوری قوم کو پانامہ لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے،اور توقع ہے کہ فیصلے کے نتیجے میں وزیر اعظم نواز شریف نااہل ہوجائیں گے، سابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے اتنے اہم کیس کو ایک ماہ کے لئے ملتوی کردیا اس پر افسوس ہے، ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ کے پاس الطاف حسین کا مینڈیٹ پہلے وہ مستعفی ہوں نہیں تو ان کے حوالے سے خدشات رہیں گے کراچی کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے حکومت 100ارب روپے کے فنڈز مختص کرے، نبیل گبول نے تحریک انصاف میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں جمعرات کو انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ جمال صدیقی، دوا خان صابر، خرم شیر زمان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین عمران خان 29دسمبر کو کراچی کے دو روزہ دورے پر آرہے ہیں وہ کراچی میں شوکت خانم اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں، اس کے علاوہ تنیظیمی اور پارٹی کے حوالے سے فیصلے کریں گے۔انھوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے فیصلے کا پوری قوم کو انتظار ہے تحریک انصاف نے تمام شواہد اور دستاویزات عدالت کو فراہم کردی ہیں توقع ہے کہ فیصلے کے نتیجے میں وزیر اعطم نواز شریف نا ایل ہوجائیں ، ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ مسلم لیگ ن نے نوازشریف کے نااہل ہونے کی صورت میں نیا وزیر اعظم کسے نامزد کیا جائے کے معاملے پر غور شروع کردیا ہے،سابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ایک ماہ کے لئے پانامہ لیکس کے کیس کو ملتوی کردیا اس پر ہمیں افسوس ہے وہ چاہتے تو اس کا چند دنوں میں فیصلہ کرسکتے تھے۔

انھوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نواز شریف ، عمران اور جہانگیر ترین کے ریفرنسز چیف الیکشن کمشنر کو بھیج دیئے ہیں اس کافیصلہ بھی 26دسمبر کو ہونے جارہا ہے، انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جو بھی ہو اسے تحریک انصاف قبول کرے گی،اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تیاریاں شروع کردی ہے، کراچی میں بیس قومی اسمبلی اور 42صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے تحریک انصاف جلد اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گی، کراچی کی سیاسی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے یہاں کسی بھی سیاسی جماعت کے بارے میں نہیں کہا جاسکتا کہ اس کا پلڑابھاری ہے، ایم کیو ایم پاکستان گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کے پاس الطاف حسین کا مینڈیٹ ہے پہلے وہ اس خدشے کو دور کرنے کے لئے اسمبلیوں سے مستعفی ہوں نہیں تو سمجھا جائے گا کہ وہ الطاف حسین سے ملے ہوئے ہیں، ایک سوال کے جواب میں نعیم الحق نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے لئے 100ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں اور میئر کراچی کو بھر اختیارات دیئے جائیں ، اگر کراچی کی ییہی صورتحال رہی تو کوڑے کے ڈھیر پہاڑ بن جائیں گے اور پھر حکومت کے بس میں نہیں رہے گا کہ وہ کراچی کے مسائل کو حل کرسکے۔

انھوں نے کہا کہ نبیل گبول نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے عمران خان نے یہ معاملے تحریک انصاف کراچی کی تنظیم پر چھوڑ دیا ہے،نعیم الحق نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ پاک سر زمین پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں لیکن ابھی ہم نے الیکشن میں انتخابی اتحادکے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا ہے۔سابق صدر پرویز مشرف کے ایک حالیہ بیان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ پہلے تو پرویز مشرف کو آئین توڑنے کے الزام میں سزا ہونی چاہئے تھی، اور وہ اپنے حالیہ بیان سے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔