آصف زرداری کل دوپہر ایک بجے کراچی ایئر پورٹ ٹرمینل 1 پر پہنچیں گے

پارٹی قائدین اور پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد ریلی کی صورت میں ایئر پورٹ جائے گی ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام کی سہولت کے لئے ٹریفک کے متبادل انتظامات

جمعرات 22 دسمبر 2016 09:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کل جمعہ 23 دسمبرکو دوپہر ایک بجے کراچی ایئر پورٹ ٹرمینل 1 پر پہنچیں گے ۔پارٹی قائدین اور پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد ریلی کی صورت میں ایئر پورٹ جائے گی جہاں ایک جلسے کا انعقاد ہوگا ۔جس میں پارٹی قائدین ، پارٹی ایم این ایز، پارٹی ایم پی ایز ، پارٹی کارکنان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ۔

جلسے میں شر کت کے لئے شرکاء ریلیوں کی صورت میں شہر سے اور اندرون ملک سے ایئر پورٹ آئیں گے۔لہذا ٹریفک پولیس نے عوام کی سہولت کے لئے ٹریفک کے متبادل انتظامات کیے ہیں ۔ اس لئے عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ زحمت و پریشانی سے بچنے کے لئے درج ذیل مقامات سے اپنی منزل مقصود کا تعین کریں۔

(جاری ہے)

متبادل راستے برائے ائر پورٹ کلفٹن و ڈیفنس کے رہائشی ایئر پورٹ جانے کے لیے ہینو چورنگی اور کورنگی انڈسٹریل ایریا روڈ ، مرتضیٰ چورنگی سے لنک روڈ اور ملیر سٹی تھانہ سے ملیر ہالٹ ، ماڈل کالونی روڈ سے ایئر پورٹ روڈ کا استعمال کریں ۔

وہ حضرات جو لیاقت آباد گلشن ایریا سے ایئر پورٹ جانا چاہیں وہ یونیورسٹی روڈ ، صفورہ ، ملیر کینٹ سے چیک پوسٹ نمبر 6 ماڈل کالونی روڈ سے ایئر پورٹ روڈ کا استعمال کریں ۔ اسپتالوں کے روٹضیاء الدین اسپتال جانے کے لیے سی ویو روڈ اور چائنا چورنگی کا استعمال کریں۔ ساؤتھ سٹی اسپتال جانے کے لیے بحریہ انڈر پاس کا استعمال کریں۔ کلفٹن و ڈیفنس کے رہائشی جناح اسپتال جانے کے لیے چوہدری خلیق الزمان روڈ ، للی برج، کینٹ سے اسکول روڈ کا استعمال کریں۔

اور لانڈھی کورنگی والے حضرات کورنگی روڈ سے CSD سے بائیں جانب جناح اسپتال جا سکیں گے۔جبکہ گارڈن اور صدر وغیرہ کے رہائشی صدر سے ہوتے ہوئے اسپتال جا سکیں گے۔لیاقت نیشنل اور آغا خان اسپتال جانے کے لیے یونیورٹی روڈ ، نیو ٹاؤن سے اسٹیڈیم روڈ کا استعمال کریں ۔ اور ایسٹ و ملیر سے آنے والے ملیر ہالٹ ، ماڈل کالونی روڈ سے لنک روڈ ، ملیر کینٹ چیک پوسٹ نمبر 6 صفورہ سے یونیورسٹی روڈ کا استعمال کریں ۔

مذکورہ بالا جلسہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے روٹ پر جانے سے گریز کیا جائے متبادل روٹ کا انتخاب کریں تاکہ ہر قسم کی پریشانی سے بچا جاسکے۔ تمام ہیوی ٹریفک کو جناح برج سے پنجاب کالونی و سن سیٹ بلیوارٹ کورنگی روڈ کی طرف آنے کی اجازت نہیں ہوگی اسے ماڑی پور روڈ سے ناردرن بائی پاس کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ اسی طرح نیشنل ہائی وے سے کورنگی انڈسٹریل ایریا روڈ پر بھی ہیوی ٹریفک کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کسی بھی قسم کی گاڑی کو روڈ پر پارک کرنے سے گریز کریں ۔ ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی پریشانی یا ٹریفک جام کی صورت میں ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر کال کریں اسکے علاوہ ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ نمبر0305-9266907 ، سندھ پولیس ریڈیو چینل FM-88.6 ٹیون کریں اور فیس بک پیج www.facebook.com/karachitrafficpolice سے ٹریفک سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔