آصف زرداری کا 23 دسمبر کو وطن واپس پہنچنے کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر تاریخی استقبال کیا جائے گا،پیپلز پارٹی سندھ اورکراچی ڈویژن کے تمام اضلاع کا مشترکہ طور پر فیصلہ

مرکزی تقریب سے سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنما خطاب کرینگے

بدھ 21 دسمبر 2016 10:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اورکراچی ڈویژن کے تمام اضلاع نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا 23 دسمبر کو وطن واپس پہنچنے کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر تاریخی استقبال کیا جائے گا اور مرکزی تقریب سے سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنما خطاب کرینگے۔

پارٹی قائدین نے تمام کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ضلعی قیادت کی ہدایت پر شیڈول کے مطابق ایئرپورٹ پہنچے۔ منگل کو پیپلز پارٹی ضلع جنوبی، ضلع غربی، ضلع ملیر، ضلع کورنگی، ضلع وسطی، ضلع شرقی اور ضلع کورنگی کے الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔ ضلع غربی اور ضلع ساؤتھ کے اجلاس کی صدارت صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو اورکراچی کی سیکریٹری اطلاعات سیدہ شہلا رضا نے کی۔

(جاری ہے)

ضلع کورنگی اور ضلع ملیر کے اجلاس کی صدارت پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور راشد ربانی نے کی جبکہ ضلع شرقی اور سینٹرل کی صدارت کراچی کے جنرل سیکریٹری سینیٹر سعید غنی اور نجمی عالم نے کی۔ ضلعی اجلاسوں میں سابق صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی پر ان کے تاریخی استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور تمام رہنماؤں اور کارکنان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پارٹی کے شریک چیئرمین کا شیڈول کے مطابق بھرپور استقبال کیا جائے گا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، جنرل سیکریٹری سندھ وقار مہدی اور کراچی کے جنرل سیکریٹری سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے بعد ملک کی سیاست تبدیل ہوجائے گی۔ سابق صدر کی واپسی سے نہ صرف پارٹی مضبوط ہوگی بلکہ سیاسی مخالفین کے لئے بھی ایک پیغام ہوگا کہ پیپلز پارٹی کل کی طرح آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی اور جمہوری پارٹی ہے۔

ملک کی تمام سیاسی قیادت آصف علی زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمران لیگ نے پیپلز پارٹی کے چار مطالبات تسلیم نہ کئے تو پھر پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق وفاقی حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام رہنماؤں اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر استقبال کی تیاریوں کے انتظامات جلد سے جلد مکمل کرے۔