خیبر پختونخوا حکومت، بھارت اور امریکہ سی پیک کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں،مولانا فضل الرحمن

سی پیک سے خیبر پختونخوا دنیا کے قریب آ جائیگا جس سے ترقی کا نیا دور شروع ہو گا،سندھ اور بلوچستان کے تجارتی قافلے ڈی آئی خان سے گزریں گے جس سے عوام مستفید ہونگے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اقتصادی راہداری سے متعلق غلط افواہیں پھیلا رہی ہے، ماضی میں دھرنے دیکر ترقی کی راہ روکی گئی اور اب مخصوص اورذاتی مفادات کی خاطر ترقی کے کسی منصوبے کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے،سربراہ جے یو آئی کا ورکرز کنونشن سے خطاب

بدھ 21 دسمبر 2016 10:44

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2016ء)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت، بھارت اور امریکہ سی پیک کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں۔چائنہ پاکستان دوست ہیں دھرنے سے ملکی ترقی کو روکا گیا۔ غیر سنجیدہ سیاست سے پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں جماعت کے ورکرز کنونشن سے اپنے خطاب میں کیا۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاک چین دوستی اب اقتصادی دوستی کی صورت میں نئے دور میں داخل ہو چکی ہے لیکن راہداری منصوبے سے پاکستان کی ترقی امریکا اور بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی۔ اس لئے ترقی کے سفر میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکا اور بھارت پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں اور اسے روکنے کے پیچھے پڑے ہیں۔

تو دوسری طرف ہمارے ہاں غیر سنجیدہ سیاست کرنے سے بھی ملک کو بیش بہا نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر سنجیدہ رویے اپنا کر دھرنوں کے ذریعے ملک کی ترقی کے راستے روکے گئے اور اب بھی بعض سیاسی قوتیں غیر جمہوری اور غیر سیاسی رویوں کو اپنا کر انتشار پھیلانے کی راہ پر چل رہی ہیں جن کے پہلے ہی نشاندہی کر چکا ہوں۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے بتایا کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ پورے ملک بشمول خیبر پختونخواہ آب زم زم کی حیثیت رکھتا ہے۔

سی پیک سے خیبر پختونخوا دنیا کے قریب آ جائے گا جس کی صورت میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کا تجارتی قافلہ ڈی آئی خان سے گزرے گا اور اس سے خیبر پختونخوا کے عوام ہی زیادہ مستفید ہو سکیں گے لیکن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اقتصادی راہداری سے متعلق افواہیں پھیلا رہی ہے جس کا اس منصوبے پر غلط اثر ہو رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ تحریک انصاف نے ماضی میں دھرنے دیکر ترقی کی راہ روکی اور اب بھی مخصوص ذاتی مفادات کی خاطر ترقی کے کسی منصوبے کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور اپنی ناکامی چھپانے کے لئے سی پیک پر شکوک و شبہات کو جنم دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت چائنہ پاکستان کی اقتصادی راہداری سے متعلق کچھ نہیں جانتی تاہم پھر بھی اپنی غیر سنجیدہ سیاست کی راہ پر چل کر اس تاریخ ساز منصوبے کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے جس کا سب سے زیادہ فائدہ خیبر پختونخوا کے عوام کو ترقی اور روشن مستقبل کی صورت میں ملے گا۔ مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر عالمی سطح پر مسلمانوں پر کئے جانے والے ظلم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے اور عدالتوں بچوں سمیت خاندان کے خاندان اجڑ رہے ہیں لیکن مسلمانوں کے تحفظ اور بنیادی حقوق کے لئے آواز اٹھانے پر انسانی حقوق کی تنظیمیں اور مسلمانوں کے رہنما خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔