پیپلزپارٹی کو احتجاج کے لئے 27دسمبر کوسڑکوں پر ضرورآنا چاہیے، راناثناء اللہ

انہیں”لترپولا“کھائے اور جیل کی یاترہ کئے ہوئے کافی عرصہ ہوچکا ، اصل پیپلز پارٹی کودوبارہ زندہ کرنا ہوگا تاکہ صحیح اپوزیشن سامنے اوردونمبری کرنے والی اپوزیشن تحریک انصاف سے نجات مل سکے،وزیر قانون پنجاب

پیر 19 دسمبر 2016 10:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19دسمبر۔2016ء)صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ایک حقیقت اورسیاسی جماعت ہے اور اسکی قیادت نے بہت سی قربانیاں دی ہیں انہیں احتجاج کرنے کے لئے 27دسمبر کوسڑکوں پر ضرورآنا چاہیے کیونکہ انہیں”لترپولا“کھائے اور جیل کی یاترہ کئے ہوئے کافی عرصہ ہوچکا ہے اس لئے انہیں اصل پیپلز پارٹی کودوبارہ زندہ کرنا ہوگا تاکہ صحیح اپوزیشن سامنے آسکے اوردونمبری کرنے والی اپوزیشن تحریک انصاف سے نجات مل سکے۔

انہوں نے یہ بات سمن آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خاں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور وہ کسی صورت بھی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرے گی جبکہ پاکستان تحریک انصاف اور اسکی قیادت الزام تراشی کی سیاست کرتی ہے ۔عوام ان سے تنگ آچکے ہیں اورچھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ بھی پیپلز پارٹی کے نہ صرف سرگرم جیالا کارکن رہ چکے ہیں بلکہ ایک عرصہ تک مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل پیپلزپارٹی فیصل آباد کے ضلعی جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدوں پر بھی فائز رہے ہیں۔