حویلیاں طیارہ حادثہ،جاں بحق 20افراد کی لاشیں پمز ،سردخانے میں موجود

چترال کی نعشیں تاحال ڈی این اے ٹیسٹ کی منتظر، شدید برفباری کے باعث راستے بند ہوگئے،لاشیں مل بھی جائیں تو کہاں جائیں۔ ورثا کی آہ وبکا ڈی این اے سیمپل سرکاری لیب میں بھیجے ہیں وہاں سے جلد رپورٹ آتے ہی میتیں لواحقین کے حوالے کردی جائیں گی، ایڈمنسٹریٹرپمز ڈاکٹر الطاف

جمعہ 16 دسمبر 2016 11:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2016ء)حویلیاں طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 20افراد کی لاشیں پمز اور سرد خانے میں باقی رہ گئی ہیں،ملک کے دیگر شہروں کی میتیں ورثاء کے سپرد جبکہ چترال کی نعشیں تاحال ڈی این اے ٹیسٹ کی منتظر ہیں،شدید برفباری کے باعث راستے بند ہوگئے،لاشیں مل بھی جائیں تو کہاں جائیں،چترال کے ورثاء نے پمز میں آہ وبکا شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق حویلیاں طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے 47میتوں میں سے27میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ18میتوں کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ہے جس میں 15میتیں چترال سے تعلق رکھنے والوں کی ہے،ان میتوں میں2پمز میں جبکہ18روات کے سردخانے میں موجود ہیں۔چترال سے تعلق رکھنے والے افنان علی شاہ جو کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے فرہاد عزیز اور طیبہ عزیز کے کزن نے خبر رساں ادارے سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے اپنے پیاروں کی میتیں لینے کیلئے پمز ہسپتال میں کھلے آسمان تلے مقیم ہیں لیکن پمز انتظامیہ نے تاحال چترال سے تعلق رکھنے والے15میتوں میں سے کسی کی بھی شناخت تاحال نہیں کی ہے اور دوسری جانب چترال میں برفباری شروع ہوگئی اور لواری ٹنل بھی برفباری کی وجہ سے بند ہوگئی ہے اسکے علاوہ چترال ضلع کے پی کے کا سب سے بڑا ضلع ہے جو کہ14ہزار297سکوائر کلومیٹر کے علاقے پر محیط ہے اگر ہماری میتیں مزید لیٹ ہوتی ہے تو چترال ائیرپورٹ سے آبائی گاؤں تک ان کو پہنچانا مشکل ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزارت کیڈ اور پمز انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ چترال کی میتوں کا جلد سے جلد شناخت کروا کر ان کو خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان کے آبائی گاؤں میں پہنچایا جائے۔اس حوالے سے جب خبر رساں ادارے نے پمز کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر الطاف سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ یہ الزام غلط ہے کہ پمز انتظامیہ شناخت نہیں کروا رہی ہے،ہم نے ڈی این اے سیمپل سرکاری لیب میں بھیجے ہیں وہاں سے جلد رپورٹ آتے ہی میتیں لواحقین کے حوالے کردی جائیں گی۔

انہوں نے سرکاری لیب کا نام نہ لیتے ہوئے کہا کہ وہاں پر جیسے جیسے شناخت ہوتی جارہی ہے،ویسے ویسے میتیں لواحقین کے حوالے کر دی جارہی ہے اس وقت27میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے اور باقی20میتیں بھی جلد سے جلد لواحقین کو حوالے کردی جائے گی