لاہور، لمز یونیورسٹی میں پر اسرار طور پر مردہ پائے گئے طالب علم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

موت کی وجہ منشیات کی زیادتی کو قرار دیا گیا

جمعرات 15 دسمبر 2016 11:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2016ء ) ڈیفنس بی کے علا قہ لمز یونیورسٹی میں پر اسرار طور پر مردہ پائے جانیوالے طالب علم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی جس میں طالب علم کی موت کی وجہ منشیات کی زیادتی کو قرار دیا گیا ہے۔ دو روز قبل لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز ) کے ہاسٹل میں مردہ حالت میں ملنے والے طالب علم شاہ میر آصف کی موت کی وجہ سامنے آگئی ہے ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مرحوم نے منشیات کی زیادہ مقدار لے رکھی تھی جو موت کی وجہ بنی۔

مرحوم فنانس اور اکاؤنٹنگ میں پانچویں سمسٹر کا طالب علم تھا تاہم واقعے کے بعد اس کے کمرے کی تلاشی لی گئی جہاں سے ملنے والی سگریٹ کو معائنے کیلئے لیب بھجوادیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد طالب علم کی لاش ورثاکے حوالے کر دی گئی ہے جو کراچی کیلئے روانہ ہو چکے ہیں جہاں مرحوم کی تدفین کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منشیات کو شاہ میر کی موت کی بنیاد بنا کر میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں تاہم ابھی تک اس کی موت کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔

”یونیورسٹی انتظامیہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ منشیات نہ صرف تعلیمی اداروں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے بلکہ معاشرے کیلئے بھی تباہ کن ہے “۔ انتظامیہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتی ہے اور کیمپس میں منشیات کی فراہمی کو روکنے کیلئے مسلسل نگرانی کا نظام موجود ہے اور اس پر سخت پالیسی اپنائی گئی ہے۔انتظامیہ نے کیمپس میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے اپنی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ کسی بھی کوتاہی کا پتہ چلنے کی صورت میں اس پر قواعد کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :