کراچی، سانحہ بلدیہ ٹاوٴن کا اہم ملزم عبد الرحمن عرف بھولا 19دسمبر تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

کیس میں ایس ایس پی سطح کا تفتیشی افسر مقرر کرنے کیلئے بھی 19دسمبر تک کی مہلت

جمعرات 15 دسمبر 2016 11:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بینکاک سے گرفتار سانحہ بلدیہ ٹاوٴن کے اہم ملزم عبد الرحمن عرف بھولا کو 19دسمبر تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے جبکہ کیس میں ایس ایس پی سطح کا تفتیشی افسر مقرر کرنے کیلئے بھی 19دسمبر تک کی مہلت دی ہے،دوسری جانب ملزم نے فیکٹری میں آگ لگانے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ فیکٹری کو آگ اصغر بیگ نے لگائی۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی۔ بینکاک سے گرفتار کیے گئے کیس کے مرکزی ملزم عبد الرحمٰن عرف بھولا کو ایف آئی اے حکام نے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے سانحہ بلدیہ کے تفتیشی افسر راجا جہانگیر پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم کیس میں نااہل افسر کو تعینات کیا گیا۔

(جاری ہے)

ہم نے اس معاملے پر ایس ایس پی سطح کا افسر مقرر کرنے کی سفارش کی تھی جس پر اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سنیئر افسر کی تعیناتی کیلئے متعلقہ ڈی آئی جی کو خط لکھ دیا ہے۔

عدالت نے سانحہ بلدیہ کے مرکزی ملزم عبد الرحمٰن عرف بھولا کو 19 دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ ساتھ ہی سندھ حکومت کو کیس کا تفتیشی افسر تبدیل کرنے کے لیے بھی 19 دسمبر تک مہلت دیدی ہے بعد ازاں احاطہ عدالت میں ملزم نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فیکٹری میں آگ میں نے نہیں بلکہ اصغر بیگ نے لگائی۔

مذکورہ مقدمہ انسداددہشت گردی کی عدالت میں زیرسماعت ہے اورعدالت نے ہی سانحہ کے مرکزی ملزمان متحدہ قومی موومنٹ کی تنظیمی کمیٹی کے اس وقت کے انچارج حمادصدیقی اورعبدالرحمان کے ریڈوارنٹ جاری کئے تھے۔واضح رہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری میں 250 سے زائد افراد کو زندہ جلانے کے مرکزی ملزم عبد الرحمٰن عرف بھولا کو 5 دسمبر کو بینکاک کے ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد گزشتہ رات ایف آئی اے حکام اسے وطن واپس لائے۔

چار سال قبل بلدیہ ٹاوٴن فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی کا شکار بننے والی سوختہ لاشیں اور روز سسک سسک کر مرنے والے ان کے ہزاروں پیارے تا حال انصاف کے منتظر ہیں۔بلدیہ فیکٹری کیس پولیس کی روایتی بے حسی اور سستی کا شکار رہا۔ تفتیش نے کئی ڈرامائی موڑ لیے۔ ابتدا میں پولیس کے تفتیشی افسران نے واقعہ کو شارٹ سرکٹ کا شاخسانہ قرار دیا۔ملزم رضوان قریشی کی ڈرامائی انٹری سے کیس نیا رخ اختیار کر گیا۔

ملزم کے سنسنی خیز انکشافات پر از سر نو تحقیقات کیلئے نئی جے آئی ٹی بنائی گئی۔ ٹیم نے کیس کا دائرہ لندن سے دبئی تک پھیلایا۔ دبئی میں فیکٹری مالکان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔نئی تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ میں انکشاف کیا کہ سانحہ بلدیہ حادثہ نہیں، منظم دہشت گردی تھی۔ فیکٹری مالکان سے20 کروڑ روپے بھتہ مانگا گیا۔ انکار پر فیکٹر ی کو آگ میں جھونک دیا گیا۔

مہینوں کی کھوج کے بعد جے آئی ٹی نے پہلے سے درج مقدمہ واپس لینے اور حماد صدیقی، رحمٰن عرف بھولا، عمر حسین سمیت 8 ملزمان کو نامزد کرنے کی سفارش کی۔جے آئی ٹی میں انکشاف ہوا کہ ایک سیاسی جماعت کے سینئر رہنماوٴں کے دباوٴ پر واقعہ کو شارٹ سرکٹ قرار دیا گیا۔ ضمنی چالان میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہونے کے بعد مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں منتقل کیا گیا۔ عدالت نے فیکٹری مالکان کو کلین چٹ دینے کی رپورٹ مسترد کردی۔ہائی پروفائل ٹارگٹ کلر یوسف عرف گدھا گاڑی ک کی شکل میں بلدیہ سانحے کا ایک اور کردار بھی سامنے آیا۔ کیس کے ایک اہم ملزم عبد الرحمٰن بھولا کی بینکاک سے گرفتاری پر کیس میں انصاف کی امید پھر سے روشن ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :