کراچی ملک کا معاشی حب ، پائیدار امن کے حصول تک آپریشنز جاری رکھے جائینگے ،آرمی چیف

آرمی چیف کی بابائے قوم قائداعظم محمدعلی کے مزارپر حاضری دی،بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش ،فاتحہ پڑھی

جمعرات 15 دسمبر 2016 11:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2016ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے  شہر کی سکیورٹی کا ملک کے کاروباری ماحول اور معاشی سرگرمیوں پر براہ راست اثرہوتا ہے  آپریشنزکے دور ان حاصل ہونے والی کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دینگے  پائیدار امن کے حصول تک آپریشنز جاری رکھے جائینگے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کو کور ہیڈکوارٹرز اوررینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا آرمی چیف کو فارمیشن کی پیشہ وارانہ تیاری اور سندھ بالخصوص کراچی کی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

بریفنگ کے دور ان آپریشنز میں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر خاص طور پر توجہ مرکوز رکھی گئی جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری پر آرمی  رینجرز  قانون نافذ کر نے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کوسراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور شہر کی سکیورٹی کا ملک کے کاروباری ماحول اور معاشی سرگرمیوں پر براہ راست اثرہوتا ہے۔

آرمی چیف نے آپریشن کے دور ان اب تک ہونے والی کامیابی کو مستحکم کر نے اور دہشتگردوں کے سلیپر سیلز سمیت ان کی باقیات کو بلا امتیاز ختم کر نے کے عزم کا اظہار کیا جنرل قمر جاوید باجوہ نے خاص طورپر امن کی جانب اس سفر میں کراچی کے عوام کی حمایت اور قربانیوں کوسراہا ۔انہوں نے کہاکہ آپریشنز کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دینگے اور پائیدار امن کے حصول تک آپریشنز جاری رکھے جائینگے ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے امن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت اقدامات کی غرض سے سول اور ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مرکوز اور مربوط کوششیں کریں۔آمی چیف نے کہاکہ منظم جرائم کے خلاف اور پائیدار امن کیلئے پاکستان آرمی قانون نافذ کر نے والے اداروں کی استعداد کار کے فروغ اور تربیت کیلئے صوبائی حکومت کو تمام ضروری معاونت فراہم کرے گی تاکہ طویل مدتی اثرات کا حصول ممکن ہو سکے ۔

قبل ازیں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کوبابائے قوم قائداعظم محمدعلی کے مزارپر حاضری دی۔انہوں نے بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا اورفاتحہ پڑھی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بدھ کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ،جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری کے دوران پھول رکھے اور فاتحہ خوانی سمیت بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مزار قائد پر حاضری کے بعد آرمی چیف کور ہیڈکوارٹر پہنچ گئے جہاں انہیں کراچی آپریشن اور سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔واضح رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا پاک فوج کے سربراہ بننے کے بعد پہلی مرتبہ کراچی پہنچے تھے۔