سعودی عرب: عبایہ اتارنے پر نوجوان خاتون زیر حراست

نوجوان خاتون کو اْس وقت حراست میں لیا گیا جب پولیس کے پاس اس حوالے سے شکایت درج کروائی گئی

بدھ 14 دسمبر 2016 11:27

ریاض( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2016ء ) سعودی پولیس نے ایک نوجوان خاتون کو عبایہ اتارنے پر حراست میں لے لیا۔ نوجوان خاتون کو اْس وقت حراست میں لیا گیا جب پولیس کے پاس اس حوالے سے شکایت درج کروائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان کرنل فواض المیمان کے حوالے سے بتایا، 'پولیس نے ایک نوجوان خاتون کو التہلیہ اسٹریٹ سے اْس وقت گرفتار کیا، جب انھوں نے اپنا عبایہ اتارا، جس کا کچھ دن قبل انھوں نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا'۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایک اور ویب سائٹ (sabq.org) کا کہنا تھا کہ 'ایک نامعلوم خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کیا تھا کہ وہ عوامی مقامات پر عبایہ کے بغیر جائیں گی'۔سبق اور دیگر ویب سائٹس نے ایک نوجوان خاتون کی تصویر شیئر کی، جس میں انھیں سیاہ جیکٹ اور ٹخنوں تک آتے نارنجی اور گلابی لباس میں دیکھا جاسکتا ہے۔اس تصویر پر سعودی شہریوں کی جانب سے سخت ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ایک ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا، 'خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ہم ریاستی قوانین کا احترام نہ کرنے پر سخت سزا کا مطالبہ کرتے ہیں'۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کے لیے عبایہ پہننا لازمی ہے، جبکہ انھیں مخلوط محفلوں میں شرکت اور ڈرائیونگ کی بھی اجازت نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :