دامن کرپشن سے پاک ہے، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا:شہبازشریف

وزیراعظم کی قیادت میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے ، میرٹ اور شفافیت حکومت کا طرہ امتیاز ہے حکومتی امور میں شفافیت ، کرپشن کے خاتمے اور سروس ڈلیوری میں بہتری آئی ہے اور عالمی سطح پرپاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے،2017ء کے آخر تک ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل بجلی گرڈ میں شامل ہونے سے لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی:وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 12 دسمبر 2016 07:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پاکستان کے حالات بے پناہ بہتر ہوئے ہیں اور زندگی کے مختلف شعبوں میں بہتری کی گواہی عوام خود دے رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے جس کے باعثحکومتی امور میں شفافیت ، کرپشن کے خاتمے اور سروس ڈلیوری میں بہتری آئی ہے اور عالمی سطح پرپاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے۔

حکومت کی جانب سے کرپشن کے سدباب کیلئے ٹھوس کاوشوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت موجودہ حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔پولیس سمیت تمام اداروں میں بھرتیاں صرف اورصرف میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے تمام بڑے ترقیاتی منصوبے شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنانا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبوں کو مکمل کرکے نئے رجحان کو فروغ دیا گیا ہے اور پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے 3 منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں۔

نچلی سطح سے اوپر تک کرپشن اوربدعنوانی کے خلاف زیروٹالرنس کے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔پاکستان کرپشن کے خاتمے کیلئے کامیاب کوششیں کرنے والاجنوبی ایشیاکا واحد ملک ہے۔امریکی جریدے ”فارن پالیسی“ نے بھی موجودہ حکومت کی جانب سے کرپشن کے خلاف موثر اقدامات کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں اور قومی خزانے کی ایک ایک پائی قوم کی امانت سمجھ کردیانتداری کے ساتھ عوام کی فلاح پر صرف کی جا رہی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ کی ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی جانب نئے عزم اورجذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور محنت،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصولوں پر چلتے ہوئے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔انہو ں نے کہا کہ2017ء کے آخر تک توانائی کے منصوبے مکمل ہونے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل بجلی گرڈ میں شامل ہو گی جس سے لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی جبکہ گیس پاور پراجیکٹس کی تکمیل سے نہ صرف 3600 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی بلکہ صارفین کو سستی بجلی بھی ملے گی۔