پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں دھند نے ڈیرے جما لئے ،کوئٹہ و چمن میں ہلکی بارش

دھند کے باعث فضائی آپریشن معطل ، موٹروے بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے شمالی حصوں میں پیر تک بارش کی خوشخبری سنا دی

اتوار 11 دسمبر 2016 13:50

لاہور، پشاور،چمن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2016ء)پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں دھند نے ڈیرے جما لئے جبکہ کوئٹہ، چمن شہر اور آس پاس کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی،ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں دھند کے باعث فضائی آپریشن معطل ہو رہ گیا ، موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی جبکہ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں اور پنجاب کے شمالی حصوں میں پیر تک بارش کی خوشخبری سنا دی ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دھند کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹر وے کے بیشتر سیکشنز کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے جب کہ بعض شہروں میں فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

خبررساں ادارے کو موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ لاہور شہر اور نواحی علاقوں میں شدید دھند چھا گئی، حدنگاہ انتہائی کم ہونے پر علامہ اقبال ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول معطل ہوگیا ، پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک موٹر وے کو بھی بند کر دیا گیا ۔

لاہور شہر اور نواحی علاقوں میں شام کے وقت چھانے والی دھند نصف شب تک انتہائی شدت اختیار کر گئی ، شہر میں حدنگاہ انتہائی کم جبکہ موٹروے سمیت کھلے علاقوں میں صفر ہو کر رہ گئی ۔علامہ اقبال ایئرپورٹ پر وزیبیلیٹی پچاس سے سو میٹر رہ جانے پر فلائٹ شیڈول معطل کر دیا گیا ،اندرون اور بیرون ملک آنے جانے والی پروازیں التوا کا شکار ہو گئیں،لاہور میں دھند کے باعث شہریوں کو بجلی کی طویل بندش کی فکر ستانے لگی ہے۔

لیسکونے گذشتہ روز کے بریک ڈان پر صارفین سے معذرت کی ہے۔ ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ گہری دھندکی وجہ سے این ٹی ڈی سی کے 9 گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرنے کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، قصور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جب کہ شیخوپورہ، خانیوال، کبیروالا، میاں چنوں، جہانیاں، بورے والا، پنڈی بھٹیاں اور گردونواح میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی ہے۔

لاہور سے اوکاڑہ تک جی ٹی روڈ پرحدنگاہ صفر ہونے پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،نیشنل ہائی وے حکام نے ڈرائیوروں کو گاڑیوں کی رفتار انتہائی کم رکھنے اور فوگ لائٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔شدید دھند کے باعث اسکول اور دفاتر جانے والوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے جب کہ لاہور اور ملتان ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی بند کر دیا گیا ہے۔

جدہ سے ملتان آنے والی پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 740 کو دھند کے باعث کراچی کے جناح ٹرمینل پر اتار لیا گیا، ملتان سے اسلام آباد جانے والی پرواز کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ کراچی سے ملتان آنے والی ایئربلیو کی پروازکو بھی واپس بھیج دیا گیا، لاہورایئرپورٹ پربھی مقامی اور انٹرنیشنل فلائٹس تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی ڈومیسٹک فلائٹ پی کے 303 صبح 11 بجے معمول کے مطابق کراچی کے لئے روانہ ہوگی۔

ترجمان موٹر وے پولیس عمران شاہ کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک موٹر وے کے سیکشن ایم تھری اور گوجرہ تک ایم فورسیکشن کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پشاور سے اسلام آباد جانے والے موٹر وے کے برہان انٹر چینج کو بھی رات 10 بجے بند کر دیا گیا تھا۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سفر کرنا ہے تو جی ٹی روڈ کو استعمال کیا جائے اور فوگ لائٹس جلا کر کانوائے کی صورت میں سفر کیا جائے، سفر کے دوران ڈرائیور رفتار کم رکھیں اور کانوائے کی صورت میں سفر کرنے کی کوشش کریں۔

ادھرچمن شہر اور آس پاس کے علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جبکہ وادی کوئٹہ میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں اور پنجاب کے شمالی حصوں میں پیر تک بارش کا امکان ظاہر کردیا۔چمن سمیت شمالی بلوچستان میں موسم سرما کی پہلی بارش سے زمینداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔

بارش برسانے والی مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں داخل ہو گئی ہیں۔رات بھر تیز طوفانی ہوائیں چلنے کے بعد صبح سے چمن پشین زیارت قلعہ عبداللہ توبہ اچکزئی کوژک ٹاپ سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایک گھنٹے تک موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا ، بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ۔بارش کے بعد یخ بستہ ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں ، بارش سے طویل خشک سالی کے خاتمے کی امید پیدا ہوگئی ہیکیونکہ محکمہ موسمیات نے ہفتہ سے پیر کے دوران اسلام آباد ، خیبر پختونخوا، فاٹا اور بالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔