اسلامی نظریاتی کونسل چیئرمین کے عہدے پر تقرری کیلئے مقابلہ شروع

بیرسٹر ظفرا للہ، ساجد الرحمن،مولانا عطاء الرحمن،طاہر اشرفی، حنیف جالندھری، مفتی امداداللہ،علامہ عارف واحدی سمیت کئی شخصیات دوڑ میں شامل کونسل کے موجودہ چیئرمین نے عہدے پر مذید تین سال گزارنے سے معذرت کر لی، مولانا شیرانی رواں ماہ اپنی آئینی مدت پوری کرکے ریٹائرڈ ہوجائیں گے

بدھ 7 دسمبر 2016 11:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2016ء) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کے عہدے پر تقرری کیلئے حکومت کی حلیف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے درمیان مقابلہ شروع ہو گیا ہے۔ بیرسٹر ظفرا للہ اور پروفیسر ساجد الرحمن عہدے کیلئے سب سے موزوں امیدوارں کے طور پر موجود ہیں جبکہ جے یوآئی کی جانب سے مولانا عطاء الرحمن کے علاوہ حافظ طاہر اشرفی، مولانا حنیف جالندھری، مفتی امداداللہ اور علامہ عارف واحدی سمیت کئی اہم شخصیات مقابلے کی دوڑ میں شامل ہیں ۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے ذرائع کے مطابق کونسل کے نئے چیئرمین کی تقرری کیلئے حکومت اور اس کی حلیف جماعتوں کی جانب سے صلاح و مشورے شروع کر دئیے گئے ہیں ذرائع کے مطابق حکومتی حلقوں کی جانب سے کونسل کے چیرمین کیلئے بیرسٹر ظفرا للہ کو عہدے کیلئے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے جبکہ جے یوآئی کی جانب سے مولانا عطاء الرحمن کو نامزد کرنے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کونسل کے موجودہ چیئرمین جنہوں نے چھ سالوں تک کونسل کی چیرمین شپ کی ہے نے اس عہدے پر مذید تین سال گزارنے سے معذرت کر لی ہے جس کے بعد کونسل کے نئے چیئرمین کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا شیرانی رواں ماہ اپنی آئینی مدت پوری کرکے ریٹائرڈ ہوجائیں گے اور مولانا شیرانی کل اور پرسوں الوداعی سیشن کی آخری بار صدارت کریں گے ذرائع کے مطابق بیرسٹر ظفراللہ اورپروفیسر ساجد الرحمان نئے چیئرمین کی فرست میں موسٹ فیورٹ ہیں جب کہ جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا عطاء الرحمان,حافظ طاہر اشرفی اور مفتی امداداللہ بھی چیرمین شپ کی دوڑ میں شامل ہیں, ذرائع کے مطابق نئے ارکان کے تقرر کیلئے علما ء اور مذہبی سکالرز کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے ذرائع کے مطابق بیرسٹر ظفراللہ علامہ عارف واحدی, طاہر اشرفی حنیف جالندھری کے نام نئے ارکان کی فہرست کا حصہ ہیں ذرائع کے مطابق کونسل کے چیرمین کی نامزدگی کیلئے صدر سے منظوری کی تیار فہرست میں صاحبزادہ ساجد الرحمان, مولانا عطاء الرحمان کے نام بھی شامل ہیں ذرائع کے مطابق کونسل کے چھ ارکان مفتی سعید گجراتی, غلام مصطفی رضوی, طاہر اشرفی, یوسف اعوان, مفتی عبدالباقی اور مفتی ابراہیم قادری 22 جنوری کو ریٹائر ڈہوئے ایک رکن محمد مشتاق کلوٹ 27 جنوری مولانا امین شہیدی ڈاکٹر ادریس اور مولانا فضل علی تین مارچ کو ریٹائر ڈ ہوئے تھے ۔