لگتا ہے آئی سی سی نے پی سی بی کو منا کیا ہے مجھے ٹیم میں شامل نہ کیا جائے ،انہیں خط لکھوں گا ، محمد آصف

ہم ٹیلنٹ کی بات کرتے ہیں لیکن کیا ہمارے پاس بس یہی ٹیلنٹ ہے۔ میرے خیال میں ہمارے باوٴلنگ اٹیک میں کوئی خاص بات نہیں، فاسٹ باؤلر

پیر 5 دسمبر 2016 09:43

حیدرآباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2016ء ) اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستانی فاسٹ باوٴلر محمد آصف نے کہا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کو خط لکھنے کا سوچ رہے ہیں تاکہ یہ پتہ چلا سکیں کہ کہیں کھیلوں کی عالمی گورننگ باڈی نے تو پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) یہ ہدایت نہیں کہ ان کا قومی ٹیم میں انتخاب نہ کیا جائے۔نیاز اسٹیڈیم میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے سپر ایٹ راوٴنڈ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف واپڈا کی نمائندگی کرنے والے محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس حوالے سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پی سی بی سے آئی سی سی نے کہا ہے کہ میری قومی ٹیم میں سلیکشن پر غور نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ہیں معلوم کہ خبر کس حد تک درست ہے۔

(جاری ہے)

میں اپنی طرف سے سیزن میں مستقل میچز کھیل رہا ہوں لہٰذا میں یقیناً آئی سی سی سے یہ پوچھنے کا ارادہ رکھتا ہوں کہ کیا انہیں میرے حوالے سے کچھ تحفظات ہیں۔اپنی فٹنس پر مکمل اطمینان کا اظہار کرنے والے محمد آصف نے باوٴلنگ اسپیڈ کے بارے میں سوال پر آصف نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ دیگر کھلاڑی توپ کی رفتار سے گیند نہیں کر رہے، میں کم از کم ان جیسی رفتار سے باوٴلنگ ضرور کر سکتا ہوں۔

'یہ بہتر ہو گا کہ اگر چیئرمین پی سی بی شہریار خان یہ بات سلیکٹرز پر چھوڑ دیں کہ مجھے اور سلمان بٹ کو کب ٹیم کا حصہ بنانا ہے لیکن سلیکٹرز کو بھی منصفانہ طرز عمل اپناتے ہوئے ان کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا چاہیے جو اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں۔ ہمیں اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے کیمپ میں بلانا چاہیے تھا لیکن ہمیں نظر انداز کردیا گیا تھا۔پاکستان کے موجودگی باوٴلنگ اٹیک سے متاثر نظر نہیں آئے اور کہا کہ ہم ٹیلنٹ کی بات کرتے ہیں لیکن کیا ہمارے پاس بس یہی ٹیلنٹ ہے۔

میرے خیال میں ہمارے باوٴلنگ اٹیک میں کوئی خاص بات نہیں، یہ ایک اوسط درجے کا باوٴلنگ اٹیک ہے۔ کچھ خاص کرنے کیلئے سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔اور یقینا چند کھلاڑیوں میں یہ خداداد صلاحیت ہے۔ میں نے اب پورا سیزن کھیل لیا ہے لیکن مجھے راحت علی، سہیل خان یا عمران خان میں کوئی خاص بات نظر نہیں آئی۔اب تک تین میچوں میں 15وکٹیں لینے والے محمد آصف حیدرآباد میں اپنا چوتھا میچ کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں پانچ سال بعد کرکٹ میں واپس آیا ہوں لیکن پی سی بی نے میرا متبادل تیار نہیں کیا۔ انہیں واپس عامر کی طرف متوجہ ہونا پڑا جو کسی حد تک بہتر باوٴلنگ کر رہا ہے لیکن دوسرے اینڈ سے سپورت نہ ملنے کے سب وہ وکٹیں نہیں لے پا رہا کیونکہ فاسٹ باوٴلر عام طور پر جوڑیوں کی شکل میں شکار کرتے ہیں لیکن آج کل ایسا نہیں ہو رہا۔