کراچی میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے غیرملکی ادارے سے معاہدہ

معاہدہ میکسیکو سٹی میں بین الاقوامی میئرز کانفرنس کے موقع پر طے پایا پاکستان ساؤتھ ایشیا کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس نے ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے معاہدہ کیا ہے، میئر کراچی وسیم اختر

پیر 5 دسمبر 2016 10:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2016ء)کراچی میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے ایک غیرملکی ادارے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت کراچی میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور بچاؤ کے اقدامات پر عمل کیا جائے گا یہ معاہدہ میکسیکو سٹی میں بین الاقوامی میئرز کانفرنس کے موقع پر طے پایا، معاہدے پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشدوہرہ اور غیر ملکی ادارے کے چیف ایگزیکٹو نے دستخط کئے ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان ساؤتھ ایشیا کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس نے ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے معاہدہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ شہر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور اس کے بچاؤ کے اقدامات انتہائی ضروری ہیں کیونکہ پاکستان اور خصوصاً کراچی میں آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، دنیا بھر میں موسمیاتی تغیر اور تبدیلی کے بعدصورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے کراچی میں کم بارشوں کے باعث فضائی آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کے باعث شہری مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی میں چھ انڈسٹریل زون ہونے اور بے پناہ ٹریفک کے باعث بھی کراچی ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہے اس لئے اس کا تدارک اور بچاؤ فوری نوعیت کا مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی میئرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین کو کراچی کی جغرافیائی اورتاریخی اہمیت ، کراچی میں سرمایہ کاری کے مواقع اور تجارتی ، معاشی ، تعلیمی اور ثقافتی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور سی پیک کے بعد پاکستان کی اہمیت و افادیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور اب وسطی ایشیائی ممالک کے لئے کراچی کی اہمیت دوچند ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم انتہائی محنتی، ایماندار اور محب وطن ہے انہوں نے دنیا کے مختلف ملکوں کے مندوبین کو دعوت دی کہ وہ کراچی میں سرمایہ کاری وسیع مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے کاروبار کو کراچی تک وسعت دیں۔

میکسیکو سٹی میں Glogal Covenant of Mayors for Climate & Energy کے موضوع پر یہ کانفرنس تین جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :