قطرے قطرے سے بنایا گیا مال بچانے کیلئے قطری ہی آئیں گے،طاہر القادری

ملک کے حالات پریشان کن ہیں ، میرے واپس آنے پر باطل کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں،بہت سے اچھے کام ہوئے لیکن دہشت گردی، انتہا پسندی کاخاتمہ نہ ہوسکا،سربراہ عوامی تحریک

پیر 5 دسمبر 2016 10:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2016ء)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاہے کہ پاکستان کے حالات پریشان کن ہیں اور میرے وطن واپس آنے پر باطل کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں۔سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹرطاہرالقادری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سے پرانی یادیں وابستہ ہیں، اہلیان سندھ کوثقافت کے دن کے موقع پر مبارکباد دیتا ہوں، اللہ تعالیٰ کراچی سمیت پورے پاکستان کوآباد رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں فرقہ وارانہ قتل بھی ہوئے ہیں، حکیم سعید کے خون سے لے کر امجد صابری کا خون ہوا، امن کی بحالی کے لئے بہت سے آپریشن ہوئے اور امن کی بحالی کے لئے فورسز کو مبارکباد دیتا ہوں لیکن یہ دیکھنا ہو گا کہ یہ امن مستقل طور پر رہتا ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

کراچی آپریشن کی کامیابی کی ضمانت پنجاب سے دہشت گردی کے خاتمے سے جڑی ہوئی ہے جب تک پنجاب سے دہشت گردی ختم نہیں کی جاتی تو امن بحال نہیں ہو سکتا کیونکہ پنجاب میں دہشت گردوں کو پناہ ملتی ہے۔

طاہرالقادری کا کہنا تھا کہا کہ پاکستان کے حالات پریشان کن ہیں، 2018 میں سیاستدانوں اور دہشت گردوں کا جوڑ بنے گا اورپھرملک کااللہ ہی حافظ ہے، بہت سے اچھے کام ہوئے لیکن دہشت گردی، انتہا پسندی کاخاتمہ نہ ہوسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بادشاہت کے راستے ہموارکیے جا رہے ہیں، میرے ملک میں آنے پر باطل کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں، ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے سب لوگوں کو مل کر بادشاہت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کی حمایت میں پانامہ کیس میں بیان دینے کے لیے قطری شہزادوں کی آمد پران کا کہنا تھا کہ قطرے قطرے سے بنایا گیا مال بچانے کیلئے قطری ہی آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ سندھ سے بے پنا ہ محبت کرتے ہیں اور سندھ کے ثقافتی دن پر انہوں نے اہلیان سندھ کومبارکباد پیش کی۔اس سے قبل صبح پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کینڈا سے براستہ دبئی ای کے 604 کے ذریعے کراچی پہنچے توپاکستان عوامی تحریک کے صدر خرم نوازگنڈا پور اور بیٹے حسن محی الدین سمیت متعدد کارکنوں نے اپنے لیڈر کا شانداراستقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :