پہلی کراچی جیمخانہ آئی ٹی ایف سینئرز ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے بھارتی اسٹار کھلاڑی نریش کھتری پاکستان پہنچ گئیں

میری آمد امن کا پیغام ہے۔دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آنا چاہتے ہیں، بھارت کو عالمی جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کرنا چاہیے تھے،کھتری

اتوار 4 دسمبر 2016 01:01

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2016ء ) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام پہلی کراچی جیمخانہ آئی ٹی ایف سینئرز ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے آنے والے بھارتی اسٹار کھلاڑی نریش کھتری نے کہاکہ میری آمد امن کا پیغام ہے۔دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آنا چاہتے ہیں، بھارت کو عالمی جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کرنا چاہیے تھے، کراچی جیمخانہ میں نمائندہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چوتھی مرتبہ پاکستان آنا بہت اچھا لگا، یہاں کے لوگوں سے ملنے والی محبت مجھے دوبارہ کھینچ کر لے آئی، ایسا لگتا ہے کہ جیسے اپنے گھر میں ہی ہوں، نریش کھتری نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کا موقع فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا بہت مشکور ہوں، اس حوالے سے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری سید خالد رحمانی نے ذاتی طور پرخصوصی کاوشیں کیں جس کے سبب مجھے ویزہ جاری ہو سکا، انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ کشیدہ صورتحال کے سبب مجھے عزیز و اقارب اور دوست احباب پاکستان جانے سے روکتے رہے۔

(جاری ہے)

میری اپنی بیٹی آخری وقت تک زاروقطار روتے ہوئے فیصلہ واپس لینے پر اصرار کرتی رہی لیکن مجھے علم تھا کہ مجھے پاکستان میں بہت پیار ملے گا چنانچہ بلاخوف وخطرچلا ا آیا نریش کھتری نے کہا کہ کھیلوں کو سیاست سے دور رکھنے کی ضرورت ہے، اسپورٹس کے ساتھ ثقافتی وفودکا باہمی تبادلہ ماحول کی گرمی کوکم کر سکتا ہے۔