وزیر اعلیٰ پنجاب سے سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ملاقات،بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر اتفاق

”میں“ کی روش ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ، پاکستان کو آگے لیجانے کیلئے”ہم“ کے راستے پر چلنا ہوگا وقت آ گیا ہے کہ ہم تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وطن عزیز کی خوشحالی اور استحکام کیلئے کام کریں:شہبازشریف سندھ کے وزیراعلیٰ کا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار، انہیں گلدستہ بھی دیا

جمعہ 2 دسمبر 2016 10:02

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2016ء ) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز یہاں سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور صوبوں کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے بین الصوبائی ہم آہنگی کومزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ”ہم“ کی روش پر چلنا ہوگا۔

ذاتی انا اور ”میں“ کی روش نے ملک وقوم کا بے پناہ نقصان کیا ہے لہذا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وطن عزیز کی خوشحالی اور استحکام کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں کیساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر مشتمل ہے اور ملک تبھی ترقی کرے گا جب چاروں اکائیاں ترقی کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے۔

پاکستان ہم سب کا ہے اور وطن عزیز کو مل کر سنوارنا ہے اور قومی یکجہتی اور بھائی چارے کی فضا کو مل کر فروغ دینا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ سندھ میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں ۔ پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی پروگراموں میں سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا ہے جس سے قومی یکجہتی اور یگانگت کے ساتھ بھائی چارے کو فروغ مل رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجا ب نے کہا کہ ہم سب نے اتحاد و اتفاق کے راستے پر چلتے ہوئے پاکستان کو مضبوط بنانا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ذاتی مفادات کو چھوڑ کر قومی مفادات کو ترجیح دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاکستان کے چاروں صوبے اور وفاقی حکومت مکمل ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، بلاشبہ اجتماعی بصیرت سے کئے گئے فیصلے اور مشترکہ کاوشیں رنگ لائیں گی اور انشاء اللہ پاکستان امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں گلدستہ بھی دیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سندھ کے وزیراعلیٰ کو ائیرپورٹ پر رخصت کیا۔ سید مراد علی شاہ نے پرخلوص میزبانی پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔